کراچی: میمن گوٹھ روڈ پر تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق، ایک شدید زخمی
کراچی میں تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا، واقعے کے خلاف شہریوں نے احتجاج کیا۔
ریسکیو کے مطابق واقعہ ملیر میں میمن گوٹھ روڈ پر پیش آیا، جاں بحق نوجوان کی شناخت شاہ نواز جبکہ شدید زخمی کی شاہ نور کے نام سے ہوئی۔
لاش اور زخمی کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، دونوں شہری در محمد گوٹھ ملیر کے رہائشی ہیں، واقعے کے بعد علاقہ مکینوں نے میمن گوٹھ روڈ کو بند کرکے احتجاج بھی کیا۔
واضح رہے کہ رواں سال کی ابتدا میں کراچی میں اچانک ہیوی ٹریفک سے حادثات اور اموات کی شرح میں اضافہ دیکھا گیا تھا، مسلسل 4 ماہ تک ڈمپرز، ٹرکوں، ٹینکروں کی ٹکر سے درجنوں شہری جاں بحق ہوئے تھے۔
مرنے والوں میں اکثریت موٹرسائیکل سوار شہریوں کی تھی، ان حادثات میں اضافے کے بعد مشتعل عوام کی جانب سے حادثات کے ذمہ دار ٹینکرز کو نذر آتش کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا تھا۔
بعد ازاں حکومت نے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد میں سختی کی، موٹرسائیکل سواروں کو ہیلمٹ کے بغیر چالان کیے، 43 ہزار موٹرسائیکلیں ضبط کی گئیں، کالے شیشے والی گاڑیوں کو بھی تحویل میں لیا گیا، ہیوی ٹریفک کے لیے ایس او پیز اور ان کے شہر میں داخلے کے اوقات کار پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی کوشش کی گئی جس کے بعد حادثات میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔
تاہم حالیہ مہینوں میں ڈمپرز اور ٹرک سے شہریوں کی اموات میں پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
10 اگست کو راشد منہاس روڈ پر لکی ون کے قریب ڈمپر نے موٹرسائیکل کو روند ڈالا، حادثے کے نتیجے میں بہن بھائی جاں بحق اور والد زخمی ہوگیا، واقعے کے بعد مشتعل افراد نے 7 ڈمپروں کو آگ لگادی تھی۔
25 جولائی کو نیشنل ہائی وے پر ملیر کورٹ کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا تھا۔
18 جولائی کو کراچی کے علاقے ملیر میں سیمنٹ سے لدے ٹرک نے موٹر سائیکل سوار کو کچل ڈالا تھا جس کے نتیجے میں 60 سالہ شخص موقع پر جاں بحق ہوگیا تھا۔ مشتعل افراد نے ٹرک کو نقصان پہنچایا تھا تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈرائیور کو گرفتار کرکے صورتحال کو قابو کرلیا تھا۔
جولائی کے آغاز میں بھی شہر کے علاقے ماری پور میں ہاکس بے روڈ پر ایک تیز رفتار کار نالے سے متصل دیوار سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں کم از کم 4 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے تھے۔
جون میں راشد منہاس روڈ پر ایک تیز رفتار ڈمپر الٹ کر ایک فور بائی فور گاڑی پر جاگرا تھا، جس سے ایک خاتون اور اس کے ساتھ موجود5 سالہ بچی جاں بحق ہو گئیں، جب کہ ایک اور کم سن بچی زخمی ہوئی تھی۔












لائیو ٹی وی