مردان: کباڑ کے گودام میں دستی بم کا دھماکا، 3 افراد زخمی
خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں ایک کباڑ کے گودام میں دستی بم کے دھماکے سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ظہور بابر آفریدی نے ڈان کو بتایا کہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ریسکیو 1122 مردان کے مطابق زخمیوں کی شناخت 40 سالہ عباس، 17 سالہ سعید اور 24 سالہ امراد کے ناموں سے ہوئی ہے، زخمیوں کو فوری طبی امداد دینے کے بعد مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان سید عباس شاہ نے الگ سے بتایا کہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور زیادہ تر زخم ٹانگوں پر آئے ہیں۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں بلوچستان کے علاقے ہزار گنجی، کوئٹہ میں بھی ایک دستی بم حملے میں 3 افراد زخمی ہوئے تھے، جہاں موٹرسائیکل سوار نامعلوم حملہ آوروں نے ایک نجی کمپنی کے دفتر پر دستی بم پھینکنے کے بعد فرار اختیار کر لیا تھا۔
اسی سال مارچ میں کراچی کے پریڈی تھانے پر دستی بم حملے میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
رواں سال اپریل میں صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر کوہاٹ کے علاقے شیخان میں دستی بم پھٹنے سے 2 بچے جاں بحق، جب کہ دیگر شدید زخمی ہوگئے تھے۔













لائیو ٹی وی