ایم کیو ایم کی سیاست ہمیشہ نعروں اور بیانات تک محدود رہی ہے، ترجمان سندھ حکومت
سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے فاروق ستار کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کی سیاست ہمیشہ نعروں اور بیانات تک محدود رہی ہے، انہوں نے عملی کارکردگی دکھائی نہیں دیتی۔
ڈان نیوز کے مطابق ترجمان سندھ حکومت نے بیان دیا ہے کہ ایم کیو ایم کی سیاسی حقیقت سب کے سامنے ہے، جھوٹے مینڈیٹ پر سیاست زیادہ دیر نہیں چل سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اپنے منصوبے مکمل کرے گی، چاہے کوئی شور مچائے یا تنقید کرے، قانون اور اصولوں پرعمل کیے بغیر سیاست کرنا مسئلے کا حل نہیں،کراچی کو حقیقی خدمت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن کا ماضی منفی سیاست سے جڑا ہو اور مستقبل بھی دوسروں پر انحصار کرتا ہو، ان کے دعوے وزن نہیں رکھتے جب کہ گزشتہ 10 سال سے وفاقی حکومت کا حصہ رہنے کے باوجود کراچی کے لیے کوئی عملی خدمت سامنے نہیں آسکی۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ کراچی کے لیے اگر اب فنڈز ریلیز ہوئے ہیں تو یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ برسوں تک کراچی کو نظر انداز کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کو اگر کراچی کا درد ہے تو کے-فور منصوبے کے لیے وفاق سے فنڈز لے کر آئیں، فاروق ستار سمیت بعض رہنما اب اپنی سیاست کے بجائے دوسروں کی محنت کو اپنا دکھانے پر اکتفا کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ طرزِ عمل کراچی کے مسائل کا حل نہیں بلکہ رکاوٹ ہے 7 سال بعد منصوبہ شروع ہو اور آج تک مکمل نہ ہوا، یہ عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی آئی ڈی سی ایل کسی اور ادارے کے این او سی پر کام نہیں کر سکتی، یہ قانون کے خلاف ہے۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران گرین لائن منصوبے کو روکنے پر میئر کراچی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی سے عوامی منصوبے میں ریلیف کی توقع نہ کی جائے۔











لائیو ٹی وی