لاہور : ناخلف بیٹے نے نشے کیلئے پیسے نہ دینے پر باپ کو قتل کر دیا
لاہور میں ناخلف بیٹے نے نشے کے لیے رقم نہ دینے پر باپ کو قتل کر دیا، قاتل بیٹے کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
یہ افسوسناک واقعہ لاہور کے علاقے ہنجروال میں پیش آیا جہاں ناخلف بیٹے نے نشے کے لیے پیسے نہ دینے پر سگے باپ کو سلنڈر مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔
پولیس کے مطابق علی رضا نے نشے کے لیے پیسے نہ دینے پر اپنے بات شوکت کو قتل کیا جسے ڈولفن اسکواڈ نے گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ڈولفن اسکواڈ کی ٹیم 15 کال کی اطلاع پر موقع پر پہنچی تھی جس نے قاتل بیٹے کے فرار کی کوشش ناکام بناکر اسے گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ باپ پر تشدد کے دوران ملزم علی رضا نے سلنڈر اٹھا کر سر پر دے مارا جس سے 70 سالہ شوکت علی موقع پر جاں بحق ہوگیا۔
گرفتار ملزم کو کارروائی کیلئے تھانہ ہنجروال کے حوالے کردیا گیا ہے اور متعلقہ پولیس مصروف تفتیش ہے۔
خیال رہے کہ پنجاب کے ضلع گجرات کے نواحی گاؤں میں بھی ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جہاں ناخلف بیٹے نے ناشتہ دینے میں تاخیر پر روزے دار ماں کو قتل کردیا تھا۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ گجرات میں انڈسٹریل اسٹیٹ 2 پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع مراریاں گاؤں میں پیش آیا تھا، جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر ناشتہ دینے میں تاخیر پر اپنی روزے دار ماں کو قتل کردیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق عثمان نواز نامی شخص نے اپنی والدہ رضیہ بی بی کو ناشتہ بنانے کو کہا تھا، تاہم ماں نے کہا کہ وہ روزے سے ہیں اور کچھ دیر آرام کرنا چاہتی ہیں اس لیے وہ کچھ تھوڑا صبر کرے۔
ماں کی جانب سے ناشتہ دینے میں تاخیر پر ناخلف بیٹا مشتعل ہوگیا تھا اور اپنی ماں کے سر پر آہنی سلاخ دے ماری تھا جس کے نتیجے میں روزے دار خاتون موقع پر دم توڑ گئی تھیں۔













لائیو ٹی وی