• KHI: Partly Cloudy 26.9°C
  • LHR: Sunny 21.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 20.2°C
  • KHI: Partly Cloudy 26.9°C
  • LHR: Sunny 21.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 20.2°C

انکم ٹیکس ریٹرن فارم 2025 میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، ایف بی آر

شائع September 25, 2025
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا گروپس پر انکم ٹیکس ریٹرن فارم کے حوالے سے غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں، انکم ٹیکس ریٹرن فارم 2025 میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کچھ عناصر مختلف سوشل میڈیا گروپس پر انکم ٹیکس ریٹرن فارم 2025 کے حوالے سے غلط معلومات پھیلا رہے ہیں، اس سلسلے میں وضاحت کی جاتی ہے کہ ایف بی آر نے حال میں کسی بھی نئے ایس آر او کے ذریعے انکم ٹیکس ریٹرن فارم 2025 میں کوئی تبدیلی یا ترمیم متعارف نہیں کرائی۔

مزید بتایا کہ رواں برس ایف بی آر نے انکم ٹیکس ریٹرن فارم 7 جولائی 2025 ہی کو اپنی ویب سائٹ پر جاری کردیا تھا، جس میں واضح طور پر صفحہ 66 پر اثاثوں کی مارکیٹ ویلیو کا اندراج کرنا ضروری قرار دیا گیا تھا۔

ایف بی آر کے مطابق ابھی تک جمع کرائے گئے انکم ٹیکس گوشواروں کی پڑتال سے یہ بات سامنے آئی کہ بہت سے لوگ اپنے اثاثوں کی مارکیٹ ویلیو کے خانے میں صفر درج کررہے تھے جسے روکا گیا ہے تاکہ درست معلومات درج ہو سکیں۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا کہنا تھا کہ یہ وضاحت بھی ضروری ہے کہ جائیداد کی مارکیٹ ویلیو کا اندراج مکمل طور پر ٹیکس گزار کی صوابدید پر ہے اور اس کے لیے کسی تحقیق یا حساب کی ضرورت نہیں ماسوائے ان امیر لوگوں کے جو پہلے ہی شق سیون ا ی کی رو سے یہ معلومات درج کررہے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق دیگر لوگوں کے لیے یہ معلومات ٹیکس کا حساب لگانے سے متعلق نہیں اس لیے ان میں کسی غلطی کی وجہ سے ٹیکس کا کوئی نوٹس جاری نہیں ہو گا، مگر اُمید کی جاتی ہے کہ ٹیکس گزار افراد اپنے اثا ثوں کی مالیت کو اپنی معلومات کے مطابق مارکیٹ ویلیو کے بہت قریب ڈیکلیئر کریں گے۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ جن ٹیکس دہندگان نے پہلے ہی اپنے گوشوارے جمع کرا دیے ہیں ان سے دوبارہ اس میں ترمیم کرنے یا ری فائل کرنے کا نہیں کہا جائے گا، کیونکہ اثاثوں کی مارکیٹ ویلیو کے یہ اندراجات ٹیکس کے حساب کے لیے استعمال نہیں ہوں گے۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے لیے IRIS سسٹم مکمل طور پر فعال ہے اور درست کام کررہا ہے لہذا ٹیکس دہندگان کو تاکید کی جاتی ہے کہ وہ اپنے انکم ٹیکس گوشوارے جلد از جلد جمع کرائیں کیونکہ انکم ٹیکس گوشوارہ جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر 2025 ہے۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ ختم ہونے سے چند روز قبل ٹیکس فارم میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔

مزید کہا گیا تھا کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے تاہم ڈیڈ لائن سے چند روز قبل انکم ٹیکس فارم میں ایک کالم کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی ڈیڈ لائن سے چند روز قبل آئرس فارم میں تبدیلی کی گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025