سرکاری اعزاز کے ساتھ زوبین گرگ کی آخری رسومات ادا

شائع September 25, 2025
—فوٹو: آئی اے این ایس
—فوٹو: آئی اے این ایس

سرکاری اعزازات کے ساتھ بولی وڈ اداکار عمران ہاشمی کی مقبول فلم ’گینگسٹر‘ کے گانے ’یا علی‘ سے شہرت حاصل کرنے والے بھارتی گلوکار زوبین گرگ کی آخری رسومات ادا کردی گئیں۔

بھارتی ویب سائٹ کے مطابق زوبین گرگ کی آخری رسومات کے موقع پر ریاست آسام کے دارالحکومت گوہاٹی میں عام تعطیل کا سماں تھا، تعلیمی ادارے مکمل طور پر بند تھے جب کہ لوگوں نے کاروبار بھی بند رکھے۔

زوبین گرگ کی آخری رسومات میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، بھارت کی دیگر ریاستوں سے بھی ان کے مداح آخری رسومات میں شریک ہوئے۔

گلوکار کی آخری رسومات سرکاری اعزازات کے ساتھ ادا کی گئیں، انہیں 21 توپوں کی سلامی بھی پیش کی گئی۔

گلوکار کی چتا کو مجمع کے سامنے مکھا گنی کیا گیا، زوبین گرگ کی بہن نے بھائی کی چتا کو مکھا گنی دی۔

گلوکار کی چتا کو مکھا گنی کرنے کے وقت ان کی بیوہ اور والدین بھی موجود تھے جب کہ گلوکار کے کتوں کو بھی لایا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق زوبین گرگ کی آخری رسومات میں ریکارڈ افراد نے شرکت کی، اتنی بڑی تعداد میں عام طور پر انتہائی مقبول سیاست دانوں اور سماجی رہنماؤں کی آخری رسومات میں لوگ شریک ہوتے ہیں۔

جس جگہ گلوکار کی چتا کو مکھا گنی دی گئی، وہیں ریاست آسام کی حکومت یادگار تعمیر کرائے گی، جس کے لیے زمین پہلے ہی مختص کی جا چکی ہے۔

زوبین گرگ 19 ستمبر کو سنگاپور میں اسکوبا ڈائیونگ کے دوران چل بسے تھے، انہوں نے 20 اور 21 ستمبر کو وہاں میوزیکل شو میں پرفارم کرنا تھا۔

ان کی لاش کو 22 ستمبر کو بھارت لایا گیا تھا، ان کی لاش کو ایئرپورٹ سے وصول کرنے کے لیے بھی ہزاروں لوگ جمع ہوئے تھے۔

ریاست آسام میں پیدا ہونے والے زوبین گرگ نے آسامی، بنگالی اور ہندی فلموں میں گانے گائے، وہ خاص طور پرعمران ہاشمی اور کنگنا رناٹ کی فلم ’گینگسٹر‘ (2006) کے گانے ’یا علی‘ کے لیے مشہور ہیں۔

زوبین گرگ نے کئی ہٹ بنگالی گانوں جیسے ’چوکھر جولے،پیارے پیارے‘ اور ’صبحا منگلم‘ بھی گائے ہیں۔

گلوکار نے اپنے کیریئر کے دوران مختلف زبانوں میں 32 ہزار گانے ریکارڈ کروائے۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025