• KHI: Sunny 27.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 21.1°C
  • KHI: Sunny 27.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 21.1°C

منشیات کیس میں آریان خان کو گرفتار کرنے والے سابق افسر نے شاہ رخ خان پر ہتک عزت کا مقدمہ کردیا

شائع September 25, 2025
—فوٹو: انڈیا ٹوڈے
—فوٹو: انڈیا ٹوڈے

بولی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کے بیٹے فلم ساز آریان خان کو 2021 میں منشیات استعمال کرنے اور دوسروں کو منشیات فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کرنے والی ٹیم میں شامل سابق پولیس افسر نے شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ کی فلم پروڈکشن کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کردیا۔

بھارتی ویب سائٹ ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق سابق انڈین نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) افسر سمیر وانکھیڑے نے آریان خان کی ہدایت کاری میں بننے والی نیٹ فلکس سیریز ’دی باسٹرڈز آف بالی ووڈ‘ کے خلاف دہلی ہائی کورٹ میں 2 کروڑ روپے کا ہتک عزت کا مقدمہ دائر کردیا۔

ہتک عزت کے دعوے میں سابق پولیس افسر نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ ویب سیریز جو کہ شاہ رخ خان کی پروڈکشن کمپنی ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ نے بنائی، ان کی ذاتی اور پیشہ ورانہ ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے۔

سابق این سی بی افسر نے دعویٰ کیا کہ ویب سیریز ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے، کیوں کہ مذکورہ سیریز میں ان جیسے افسر کے کردار کو منفی انداز میں پیش کیا گیا ہے اور اس سے منشیات کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں پر عوامی اعتماد کم ہوتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ آریان خان کے ساتھ ان کا قانونی معاملہ ابھی بمبئی ہائی کورٹ اور این ڈی پی ایس کی خصوصی عدالت میں زیر التوا ہے، اس لیے ایسی عکاسی غیر ذمہ دارانہ ہے۔

مذکورہ افسر 2021 کے ایک مشہور کروز ڈرگ کیس میں آریان خان کی گرفتاری کے دوران این سی بی ٹیم کا حصہ تھے۔

سال 2021 میں این سی بی ٹیم نے ایک کروز شپ پر چھاپہ مارکر آریان خان اور دیگر بولی وڈ شخصیات کے بچوں اور لڑکیوں کو گرفتار کیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ مذکورہ شپ پر آریان خان نے منشیات پہنچائی، انہوں نے ہی ڈرگ پارٹی منعقد کی۔

مذکورہ کیس میں آریان خان کو جیل بھی جانا پڑا تھا اور وہ متعدد دن جیل میں رہے تھے، بعد ازاں انہیں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا لیکن تاحال ان کے کیس کے تمام فیصلے سامنے نہیں آ سکے، متعدد کیسز زیر التوا ہیں۔

آریان خان نے حال ہی میں ’دی باسٹرڈز آف بالی ووڈ‘ نامی ویب سیریز سے بطور ہدایت کار کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

مذکورہ ویب سیریز میں ایک منظر میں ایک نارکوٹکس افسر کو بولی ووڈ پارٹی میں چھاپہ مارتے دکھایا گیا ہے، جو قومی نعرے بھی لگاتا ہے لیکن دوسرا کردار مذکورہ افسر کو توہین آمیز اشارہ بھی کرتا ہے۔

این سی بی کے سابق افسر کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ منظر ہندوستانی آئین کے تحت توہین کے زمرے میں آتا ہے۔

ویب سیریز کے ایک اور منظر میں مذکورہ افسر ایک شخص کو سگریٹ پیتے پکڑ کر لیکچر دیتا ہے اور ایک اداکار کو تھپڑ مارتا ہے، جو کہ این سی بی افسر کے خیال میں انہیں دیکھ کر بنایا گیا اور اسی کردار میں ان کی توہین کی گئی۔

انہوں نے اپنی درخواست میں یہ بھی الزام بھی عائد کیا ہے کہ مذکورہ مناظر اینٹی ڈرگ اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچاتے ہیں، ان کی درخواست دہلی ہائی کورٹ میں سنی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025