• KHI: Partly Cloudy 16.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.9°C
  • KHI: Partly Cloudy 16.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.9°C

منڈی بہاالدین: خواتین ہیلتھ ورکرز پر 3 دن میں دوسرا حملہ، مقدمہ درج

شائع September 28, 2025
—فوٹو: ڈان
—فوٹو: ڈان

پنجاب کے ضلع منڈی بہاالدین میں خواتین ہیلتھ ورکرز کی ایک ٹیم پر اُس وقت حملہ کیا گیا جب وہ انسانی پیپیلوما وائرس (ایچ پی وی) کے خلاف ویکسین لگانے کے فرائض انجام دے رہی تھیں، یہ تین دن کے اندر دوسرا ایسا واقعہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایچ پی وی ویکسین پہلی بار 2022 میں پاکستان میں متعارف کرائی گئی تھی، اب پورے ملک میں معمول کے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کا حصہ ہے تاکہ نوجوان لڑکیوں کو سروائیکل کینسر سے بچایا جا سکے۔

تاہم، پاکستان میں ویکسین کے حوالے سے ہچکچاہٹ اب بھی ایک بڑا چیلنج ہے، جو غلط معلومات، حفاظتی خدشات اور حکام پر عدم اعتماد سے جنم لیتا ہے۔

تازہ واقعہ ہفتے کو اس وقت پیش آیا جب ایچ پی وی ویکسی نیشن ٹیم گاؤں رتووال کے ایک غیررسمی تعلیمی اسکول میں اپنا کام کر رہی تھی، جو تھانہ کاٹھیاں شیخاں کی حدود میں آتا ہے، اسی دوران گاؤں کا 55 سالہ رہائشی اسکول میں داخل ہوا اور ایک خاتون ہیلتھ سپروائزر پر حملے کی کوشش کی۔

تھانہ کاٹھیاں شیخاں کے ایس ایچ او صابر اقبال سندھو کے مطابق ملزم نے ’سپروائزر پر لاٹھی سے حملہ کرنے کی کوشش کی اور کرسی اٹھا کر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور گالی گلوچ کی‘۔

انہوں نے مزید کہا ’اچانک حملے سے اسکول میں بھگدڑ مچ گئی اور ویکسینیشن کا عمل فوراً روکنا پڑا‘۔

متاثرہ سپروائزر کا بیان

ہیلتھ سپروائزر شمیم انجم نے ڈان سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان کی ٹیم اپنی جان بچانے کے لیے اسکول سے نکلنے پر مجبور ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ واقعے کے بعد انہوں نے تھانہ کاٹھیاں شیخاں میں تحریری درخواست جمع کروائی جس کے بعد مقدمہ درج ہوا۔

ان کا مزید کہنا تھا ’25 ستمبر کو پیش آنے والے پہلے واقعے پر صوبائی وزیر صحت نے جو سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی وہ ابھی تک پوری نہیں ہوئی، اور پولیس کی جانب سے کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا‘۔

ایس ایچ او نے تصدیق کی کہ متاثرہ خاتون کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 186 (سرکاری افسر کو سرکاری فرائض کی ادائیگی میں رکاوٹ ڈالنا) اور 506 (مجرمانہ دھمکی کی سزا) کے تحت درج کی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

ایچ پی وی ویکسی نیشن ٹیم پر جمعرات کو بھی منڈی بہاالدین کے چک نمبر 38 میں حملہ کیا گیا تھا، جس میں ایک خاتون کو مقامی افراد نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

پنجاب کے صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے خواتین ہیلتھ ورکرز کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

تاہم ہیلتھ ورکرز کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز ہونے والے حملے کے بعد بھی اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔

ڈان کے نمائندے نے جب منڈی بہاالدین کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ سے رابطہ کیا تو انہوں نے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا اور فون کاٹ دیا۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025