سندھ گورنمنٹ ہسپتال نیو کراچی میں ڈھائی سال بعد آپریشن تھیٹر بحال

شائع October 1, 2025
یومیہ 200 سے زائد مریض آپریشن تھیٹر بند ہونے کے سبب دیگر ہسپتالوں میں ریفر کیے جا رہے تھے — فائل فوٹو: سوشل میڈیا
یومیہ 200 سے زائد مریض آپریشن تھیٹر بند ہونے کے سبب دیگر ہسپتالوں میں ریفر کیے جا رہے تھے — فائل فوٹو: سوشل میڈیا

سندھ گورنمنٹ ہسپتال نیو کراچی میں ڈھائی سال بعد آپریشن تھیٹر بحال ہوگیا، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کے مطابق ہسپتال میں جدید مشینری کے باوجود بے ہوشی کے ڈاکٹر نہ ہونے کے سبب مریضوں کے آپریشن کئی سال سے بند تھیں، لیکن اب بے ہوشی کے ڈاکٹرز کا انتظام کرلیا گیا ہے۔

شہر قائد کے رہائشیوں کے لیے صحت کی اہم سہولت بحال ہونے کی خوشخبری ہے، سندھ گورنمنٹ ہسپتال نیو کراچی میں جدید مشینری کی موجودگی کے باوجود صرف بے ہوشی کے ڈاکٹر تعینات نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کے آپریشن (سرجری) کی معطل ہوجانے والی سہولت بحال ہوگئی ہے۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) سندھ گورنمنٹ ہسپتال نیو کراچی ڈاکٹر علی مرتضیٰ نے بتایا کہ ڈھائی سال بعد آپریشن تھیٹر بحال کر دیا گیا ہے، ہسپتال میں جدید مشینری تو موجود تھی لیکن بے ہوشی کے ڈاکٹرز نہیں تھے، جس کی وجہ سے سالوں سے مریضوں کے آپریشن نہیں کیے جا رہے تھے۔

ایم ایس ڈاکٹر علی مرتضیٰ نے بتایا کہ اب سندھ گورنمنٹ ہسپتال نیو کراچی میں مریضوں کی آنکھوں، ہڈیوں، کان اور حلق (ای این ٹی)، گائنی اور جنرل سرجریز باقاعدگی سےکی جارہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ محدود وسائل میں ہسپتال کے عملے کو بروئے کار لاتے ہوئے بے ہوشی کے ڈاکٹر کا انتظام کرلیا گیا ہے، آپریشن تھیٹر بحال ہونے سے ہسپتال کی ایمرجنسی کی کارکردگی میں بھی بہتری آئی ہے۔

ڈاکٹر علی مرتضیٰ کے مطابق پہلے یومیہ 200 سے زائد مریض آپریشن تھیٹر بند ہونے کے سبب دیگر ہسپتالوں میں ریفر کیے جا رہے تھے، تاہم آپریشن تھیٹر بحال ہونے سے دیگر ہسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ کم ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025