• KHI: Sunny 19.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 15.6°C
  • KHI: Sunny 19.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 15.6°C

میری امی کو شو پسند آیا، عائشہ عمر کا ریئلٹی شو ’لازوال عشق‘ پر تنقید کرنے والوں کو جواب

شائع October 1, 2025
— فوٹو: اسکرین شاٹ
— فوٹو: اسکرین شاٹ

ریئلٹی شو ’لازوال عشق‘ کی پہلی قسط پر ہونے والی تنقید کے جواب میں اداکارہ عائشہ عمر نے واضح کیا ہے کہ ان کے لیے سب سے اہم ان کی والدہ کی رائے ہے اور ان کی والدہ کو یہ شو بےحد پسند آیا۔

گزشتہ روز ’لازوال عشق‘ کی پہلی قسط یوٹیوب پر ریلیز ہوئی، جسے اب تک 2 لاکھ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔

یوٹیوب پر پیش کی گئی قسط میں شو کی شرکا خواتین کو بولڈ مغربی لباس میں دکھایا گیا، جب کہ میزبان عائشہ عمر بھی ان سے بلاجھجک مختلف موضوعات پر گفتگو کرتی نظر آئیں۔

یہ ریئلٹی شو 8 شرکا پر مشتمل ہے جن میں چار مرد اور چار خواتین شامل ہیں، تمام شرکا ایک شاندار بنگلے میں ساتھ رہتے ہیں اور مختلف جذباتی و سماجی چیلنجز مکمل کرتے ہیں تاکہ اپنی مطابقت کو جانچ سکیں۔

شو کا ٹریلر سامنے آتے ہی متعدد شخصیات اور سوشل میڈیا صارفین نے اسے پاکستانی اقدار کے خلاف قرار دیتے ہوئے پابندی کا مطالبہ کیا تھا، اس حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور حکومت پاکستان سے رجوع بھی کیا گیا، تاہم حکومت نے کوئی ردعمل نہیں دیا۔

جہاں کچھ افراد نے اس منفرد فارمیٹ کو سراہا، وہیں ناقدین نے اسے ’غیر اسلامی‘ اور ’مغربی ڈیٹنگ شوز کی نقل‘ قرار دیا، ہیش ٹیگز جیسے BoycottLazawalIshq# اور BoycottAyeshaOmar# ریلیز کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگے۔

بعد ازاں پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے وضاحت کی کہ یہ شو کسی ٹی وی چینل پر نشر نہیں ہوگا، اس لیے اس پر پابندی لگانا ان کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔

شو کی پہلی قسط پر بھی سوشل میڈیا صارفین نے شدید تنقید کی، خاص طور پر خواتین کے لباس پر اعتراضات سامنے آئے۔

تاہم، عائشہ عمر نے انسٹاگرام پر ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا کہ ان کے لیے اصل اہمیت ان کی والدہ کی رائے کی ہے اور ان کی والدہ کو یہ شو بےحد پسند آیا۔

عائشہ عمر نے لکھا کہ کیا امی کو پہلی قسط پسند آئی؟ بالکل! اور انہی کی رائے اور فیڈ بیک ان کے لیے سب سے زیادہ اہم ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی والدہ کو شو کا تصور دلچسپ اور منفرد لگا، خاص طور پر یہ دیکھنا کہ آج کے نوجوان کیسے سوچتے ہیں اور اپنی پسند ناپسند کا اظہار کیسے کرتے ہیں۔

ان کے مطابق والدہ نے شو کو صحت مند مکالمہ قرار دیا اور وہ آئندہ اقساط دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ کو مزاحیہ ڈراما ’بلبلے‘ پسند کرنے میں بھی کئی سال لگے تھے، لیکن انہوں نے اس شو کو اتنی جلدی پسند کرلیا، اس لیے یہ شو ان کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔

عائشہ عمر نے اپنی پوسٹ کے آخر میں مداحوں کو بھی یوٹیوب پر پہلی قسط دیکھنے اور اپنی رائے دینے کی دعوت دی۔

کارٹون

کارٹون : 16 دسمبر 2025
کارٹون : 15 دسمبر 2025