جوئے کی ترغیب کا کیس: یوٹیوبر ڈکی بھائی کی درخواست ضمانت مسترد
سیشن کورٹ لاہور نے سوشل میڈیا پر جوئے کی ترغیب دینے اور فحش مواد اپ لوڈ کرنے کے الزام میں گرفتار یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔
ایڈیشنل سیشن جج نے ڈکی بھائی کی ضمانت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا۔
عدالت نے یوٹیوبر سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی کی جوئے کی ایپ پروموشن کیس میں ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔
واضح رہے کہ این سی سی ائی اے نے ڈکی بھائی پر جوئے کی ایپ کی تشہیر کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
ملزم کے خلاف مقدمہ 17 اگست کو نیم شب این سی سی آئی اے لاہور کی جانب سے درج کیا گیا تھا، جس میں الیکٹرانک کرائمز ایکٹ کی دفعات 13 (الیکٹرانک جعلسازی)، 14 (الیکٹرانک فراڈ)، 25 (اسپیم) اور 26 (اسپوفنگ) شامل ہیں، اس کے علاوہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 294-بی اور 420 کے تحت بھی الزامات عائد کیے گئے۔
یہ مقدمہ 13 جون کی ایک انکوائری سے متعلق ہے جو مستند ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاع پر درج کیا گیا تھا کہ کچھ یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز اپنے مالی فائدے کے لیے عوام میں جوا اور بیٹنگ ایپلیکیشنز کی تشہیر کر رہے ہیں۔
این سی سی آئی اے کی حراست میں یوٹیوبر 22 دن تک رہے، ان کا آخری ریمانڈ 3 ستمبر کو دیا گیا تھا جو 5 ستمبر کو ختم ہوگیا۔
یوٹیوبر کی قانونی ٹیم نے 9 ستمبر کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجے جانے کے بعد ضمانت کے لیے درخواست دی تھی۔













لائیو ٹی وی