جماعت اسلامی آزاد کشمیر کا عوامی ایکشن کمیٹی کی جدوجہد سے علیٰحدگی کا اعلان
جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان نے عوامی ایکشن کمیٹی کی جدوجہد سے علیٰحدگی کا اعلان کردیا۔
امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان ڈاکٹر مشتاق خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جب عوامی ایکشن کمیٹی نے یہ جدوجہد شروع کی تو جماعت اسلامی کا بڑا حصہ اس کے ساتھ تھا، میں نے خود جماعت اسلامی (آزاد کشمیر) کے امیر کی حیثیت سے مظفر آباد میں ان کے جلسے میں خطاب بھی کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ جب ہمارے دو بڑے اہم مطالبات پورے ہوگئے، تو اس کا مطلب ہے کہ ہم سمجھیں کہ ہمارا ایجنڈا ختم ہوگیا، لیکن اس کے بعد ہم نے دیکھا کہ آپ کی صفوں میں سے کچھ لوگوں نے پاکستان کے خلاف نعرے لگانا شروع کردیے، اور پاکستانی پرچم کو آپ نے نیچے گرانا شروع کردیا۔
انہوں نے کہا کہ پھر تحریک آزادی کشمیر سے متعلق آپ کا لائحہ عمل ہمارے آزادی کشمیر کے ہیروز سے مطابقت کم رکھتا تھا، مگر ہمارے قابض اور قاتل بھارت سے وہ مطابقت زیادہ رکھتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ چیزیں جب نوٹس میں آئیں تو ہم نے واضح طور پر جماعت اسلامی سے وابستہ ہر شخص کو یہ ہدایت کردی کہ وہ اپنا پلیٹ فارم جس کا نام جماعت اسلامی اس سے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔
ڈاکٹر مشتاق خان کا کہنا تھا کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم خدانخواستہ عوامی ایکشن کمیٹی کے دشمن ہوگئے ہیں، ہم مثبت انداز میں اپنا لائحہ عمل لے کر چل رہے ہیں اور اس میں ایکشن کمیٹی کے کسی بھی جائز مطالبے کی مخالفت نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ تاہم عوامی ایکشن کمیٹی کے جتنے بھی ایسے مطالبات جو ہماری تحریک آزادی کشمیر کے لیے ٹھیک نہیں ہیں، اور پاکستانیت کے لیے ٹھیک نہیں ہیں ہم کسی طور پر بھی ان کی حمایت نہیں کریں گے۔












لائیو ٹی وی