تھائی لینڈ: پالتو شیر کے حملے سے بچہ شدید زخمی، ہسپتال منتقل

شائع October 5, 2025 اپ ڈیٹ October 5, 2025 03:26pm
— فوٹو: ڈان
— فوٹو: ڈان

تھائی لینڈ میں ایک پالتو شیر نے بچے پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا اور اسے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق تھائی لینڈ کے محکمہ جنگلی حیات کے ترجمان نے بتایا ہے کہ یہ واقعہ ہفتہ کی رات مغربی صوبے کانچنابوری میں پیش آیا، جو دارالحکومت بینکاک سے تقریباً 2 گھنٹے کی مسافت پر ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق بچہ دیگر بچوں کے ساتھ کھیلنے کے بعد گھر واپس جا رہا تھا کہ اچانک شیر نے اس پر حملہ کردیا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا، اور پھر اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔

خیال رہے کہ تھائی لینڈ میں شیر پالنا قانونی ہے، اور حالیہ برسوں میں قید میں رکھے گئے شیروں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

ملک بھر میں تقریباً 500 شیر چڑیا گھروں، افزائش فارموں، پالتو جانوروں کے کیفوں اور گھروں میں رجسٹرڈ ہیں۔

تاہم، ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ یہ رجحان انسانوں اور جانوروں دونوں کے لیے خطرناک ہے اور ممکنہ طور پر ملک کے اندر اور بیرونِ ملک غیر قانونی تجارت کو فروغ دیتا ہے۔

جنگلی حیات کے محکمے کے مطابق شیر کے مالک پر جنگلی حیات کے تحفظ سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں اور اگر وہ مجرم ثابت ہوا تو اُسے 6 ماہ قید اور 50 ہزار تھائی بھات (تقریباً 1500 امریکی ڈالر) جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔

محکمے نے بتایا کہ شیر کو قبضے میں لے لیا گیا ہے، اور اسے رکھنے کے لیے جنگلی حیات کے ایک افزائشی مرکز میں نیا گھر تیار کر لیا گیا ہے۔

شیر کے مالک نے مقامی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب اسے حملے کا علم ہوا تو وہ حیران رہ گیا، مادہ شیر کو اس وقت پنجرے سے باہر نکالا گیا تھا جب اس کے پنجروں کی مرمت کی جا رہی تھی، اور اسی دوران وہ بھاگ نکلی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو کچھ ہوا، اس پر میں معذرت خواہ ہوں اور یہ ایک حادثہ تھا، وہ بچے کے علاج اور معاوضے کی ادائیگی کرے گا۔

اپنے بیان میں جنگلی حیات کے محکمے نے عوام سے اپیل کی کہ جو لوگ جنگلی جانور رکھتے ہیں، وہ ممکنہ خطرات سے آگاہ رہیں اور اگر کوئی غیر متوقع واقعہ کسی کی جان یا مال کو نقصان پہنچاتا ہے، تو ذمہ دار شخص کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 24 اپریل 2026
کارٹون : 23 اپریل 2026