تنویر حسین نے اپنی دوسری اہلیہ کی وفات کو زندگی کا سب سے غمگین لمحہ قرار دے دیا
سینئر اداکار سید تنویر حسین نے اپنی دوسری اہلیہ کی وفات کو اپنی زندگی کا سب سے غمگین لمحہ قرار دیتے ہوئے اس واقعے کی تفصیلات سنائیں۔
حال ہی میں سید تنویر حسین نے اپنی اہلیہ سیدہ طاہرہ کے ہمراہ پروگرام ’زبردست وِد وصی شاہ‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے کچھ انجان پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
سید تنویر حسین نے انکشاف کیا کہ وہ تین بار شادی کر چکے ہیں، ان کی پہلی شادی کامیاب نہ ہو سکی اور طلاق پر ختم ہوئی، جب کہ دوسری شادی اس وقت ختم ہوئی جب ان کی اہلیہ اور ان کے چار بچوں کی والدہ جگر کے کینسر کے باعث انتقال کر گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ان کی زندگی کے سب سے غمگین اور دردناک لمحات میں سے تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ کی عمر صرف 40 سال تھی جب ان کی وفات ہوئی، ان کو جگر کا کینسر تھا اور ڈاکٹرز نے واضح کر دیا کہ وہ بچ نہیں سکیں گی۔
اداکار نے بتایا کہ اہلیہ اکثر کہا کرتی تھیں کہ وہ جلد ہی اس دنیا سے رخصت ہو جائیں گی، جب کہ تنویر حسین انہیں دلاسہ دیتے تھے کہ سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔
ان کے مطابق وہ اپنی بیوی کے علاج کے لیے چیچہ وطنی سے لاہور پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے آتے جاتے تھے، ایک بار اسی سلسلے میں وہ سفر کررہے تھے، بیوی کو وین میں بٹھانے ہی والے تھے کہ اچانک ایک پولیس کانسٹیبل نے وین کو آگے جانے کا اشارہ دے دیا اور وین والے نے انہیں بٹھائے بغیر گاڑی چلا دی۔
تنویر حسین کا کہنا تھا کہ ان کی بیوی نے جب وین کو جاتے ہوئے دیکھا تو وہ اس کے پیچھے بھاگیں اور ان لمحوں میں بیوی کے چہرے پر جو دکھ تھا، وہ ان کے ذہن میں ہمیشہ کے لیے نقش ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ زندگی میں ایک ایسا لمحہ بھی آیا تھا جب انہیں یہ خیال آیا کہ شاید چوری کر لینی چاہیے۔
خیال رہے کہ سید تنویر حسین کئی ڈراموں ’زرد پتوں کا بن‘، ’جینٹلمین‘ اور ’دستک‘ میں اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں اور اس وقت وہ ڈراما ’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں پراسرار چچا کے کردار میں نظر آ رہے ہیں۔













لائیو ٹی وی