جب تک عمران خان کا اعتماد ہے علی امین وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا رہیں گے، بیرسٹر گوہر

شائع October 6, 2025
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے واضح کیا ہے کہ جب تک عمران خان کا اعتماد ہے، علی امین گنڈا پور خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ رہیں گے۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران بیرسٹرگوہر نے کہا ہے کہ میری آج بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہو پائی امید ہے کل ملاقات ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ 2023/24 کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 24 لاکھ کیسز التوا کا شکار ہیں ان میں بانی پی ٹی آئی کا کیس بھی شامل ہے، ہماری درخواست ہے دیگر مقدمات کی طرح بانی کے کیسز بھی چلائے جائیں دیگر کیسز کی طرح ان کیسز میں بھی وکلاء، میڈیا اور عوام کی رسائی ہو۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ٹرائل جس طرح چلائے گئے یہ آزاد عدلیہ کے اوپر سوال ہے، تیز رفتاری سے ٹرائل چلانا شکوک و شبہات کو جنم دیتا ہے جب کہ 8 ماہ سے القادر ٹرسٹ کیس میں بانی اور بشری بی بی کی ضمانت تاخیر کا شکار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے کیسز سے متعلق لوگوں میں شکوک وشبہات ہیں، عدلیہ پر عوام کا اعتماد کم ہوتا جا رہا ہے، بانی کی بہنوں کا کسی ایجنسی کیساتھ رابطہ تو کیا کسی تعلق کا بھی شبہ نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بدقسمتی ہے جیل کی اندر کی خبریں باہر آتی ہیں اور پھر اس طرح کے الزامات لگتے ہیں، بانی نے واضح کیا ہے اندر کی باتوں پر اس طرح کی باتوں سے گریز کیا جائے اور جو کچھ ہوا اس پر مزید بات نہ کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا واضع موقف ہے دہشتگردی ختم ہونی چاہیے، خیبرپختونخوا میں اگر کوئی کوآرڈینیٹڈ آپریشن ہو رہا ہے اس میں دونوں طرف نقصان نہیں ہونا چاہیے، میں یہ کہتا ہوں حالات بہتر ہونے چاہیے اب بہت ہوگیا، تناو کو کم اور ختم کرنے کے اقدامات ہونے چاہیے۔

بیرسٹر گوہر نے صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ سینیٹر مشتاق احمد کی اہلیہ سے رابطہ ہوا ہے اور انہوں نے آواز اٹھانے کیلئے کہا ہے، سینیٹر مشتاق خان کی کاوش اور قربانی پر پوری قوم کو فخر ہے۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025