ساہیوال: پنچایت کے دوران مشتعل افراد کی فائرنگ، ایک شخص ہلاک، 6 زخمی
تحصیل ساہیوال کے گاؤں ایل 53/5 میں پنچایت (مقامی جرگہ) کے دوران مشتعل فریق کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک کمیشن ایجنٹ ہلاک اور 6 دیگر افراد شدید زخمی ہو گئے۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق یوسف والا پولیس نے سرور کی مدعیت میں نو ملزمان کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 302، 324، 148 اور 149 کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) رانا طاہر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق سرور اور سلیم حیدر کے درمیان پرانی دشمنی چل رہی تھی۔
سرور نے اس سے قبل شکایت درج کرائی تھی کہ حیدر گروپ کا ایک نوجوان رکن قاسم ان کے گھروں کے سامنے سے گزرتے ہوئے غیر شائستہ رویہ اختیار کرتا ہے، اس پر سرور نے ہفتے کی شام اس معاملے کو سلجھانے کے لیے ایک پنچایت بلائی۔
جب پنچایت کی کارروائی جاری تھی تو سلیم، سجاول، تنویر، خرو، قاسم اور نادر علی مبینہ طور پر اسلحہ لے کر موقع پر پہنچے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں حنیف، عثمان، عبدالغفار، شہباز احمد، سلیم رمضان، محمد یٰسین اور اسلام دین شدید زخمی ہوئے، جب کہ حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔
زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم حنیف زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے 3 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔











لائیو ٹی وی