شکار پور: ریلوے ٹریک پر دھماکا، ٹرین کی 4 بوگیاں پٹڑی سے اترگئیں، 7 افراد زخمی

شائع October 7, 2025
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

شکارپور کے نواحی گاؤں سلطان کوٹ کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے کے بعد پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس کی 4 بوگیاں پٹڑی سے اُترگئیں۔

ڈان نیوز کے مطابق ریلوے ٹریک پر دھماکے سے پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس کی 4 بوگیاں پٹڑی سے اترگئیں، واقعے میں 7 افراد زخمی ہوگئے، 4 زخمیوں کو سی ایم ایچ اور 3 کو سول ہسپتال شکار پور منتقل کیا گیا۔

ریلوے حکام نے بتایا کہ حادثے کا شکار ٹرین کے بقیہ مسافروں کو مختلف بسوں کے زریعے اُن کی منزل مقصود کی جانب روانہ کر دیا گیا، جبکہ جعفر ایکسپریس کی 3بوگیاں جیکب آباد روانہ کردی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق دھماکے سے متاثر ہونے والے اپ ٹریک کا مرمتی کام جاری ہے، جلد ہی ٹریک کو بحال کر دیا جائےگا۔

قبل ازیں، ریلوے ٹریک پر دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے جائے وقوع پر پہنچ کر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا، ایس ایس پی شکارپور شہزاد چاچڑ نے ’ڈان‘ سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ ٹریک ’ایک سنگل ٹریک‘ ہے جسے جیکب آباد کے راستے کوئٹہ آنے اور جانے والی ریل ٹریفک کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے بعد جیکب آباد اور شکارپور پولیس مشتبہ افراد کی گرفتاری کی کوشش کر رہی ہے، مقامی پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت کا فوری طور پر پتا نہیں چل سکا، تاہم بم ڈسپوزل اسکواڈ کو جائے حادثہ پر طلب کر لیا گیا ہے۔

دھماکے کے بعد اپ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت عارضی طور پر معطل ہوگئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025