پاکستان ریلوے میں کیش لیس نظام متعارف، مسافر گھر بیٹھے بآسانی آن لائن ٹکٹس حاصل کر سکیں گے

شائع October 7, 2025
— فائل فوٹو: ایکس
— فائل فوٹو: ایکس

پاکستان ریلوے میں ڈیجیٹلائزیشن کا آغاز کرتے ہوئے ٹکٹنگ نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر دیا گیا، ریلوے میں کیش لیس نظام متعارف ہونے سے مسافروں کو بآسانی آن لائن ٹکٹس دستیاب ہوں گی۔

ڈان نیوز کے مطابق پاکستان ریلوے اور نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے درمیان اسلام آباد میں تاریخی ڈیجیٹل معاہدہ طے پا گیا، معاہدے کے مطابق پاک-ریلوے کے مسافروں کو موبائل ایپ، انٹرنیٹ بینکنگ، بینک برانچز، نادرا، ای سہولت مراکز، ڈیبیٹ کارڈ اور کیو آرکوڈ کی مدد سے آن لائن ٹکٹ حاصل کرنے کی سہولت دستیاب ہوگی۔

اعلامیے کے مطابق نئے نظام کے تحت ریلوے کی آمدنی کا نظام مکمل طور پر ڈیجیٹل کیا جائے گا، اسٹیٹ بینک اور ون لنک روزانہ 3 مرتبہ ٹکٹس سے حاصل ہونے والی رقم براہِ راست قومی خزانے میں منتقل کریں گے۔

ون لنک کے 40 بینک، ریلوے کے ڈیجیٹل ادائیگی نظام کو مربوط بنائیں گے، اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے باور کرایا کہ کیش لیس سسٹم شفاف، مؤثر اور تیز تر ادائیگیوں کی ضمانت ہے، اقدام وزیرِاعظم کے کیش لیس وژن کی حقیقی مثال ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل سسٹم عوام کو شفاف، تیز اور صارف دوست سہولتیں فراہم کرے گا جب کہ ڈیجیٹل ٹکٹنگ سے ریلوے سروس میں شفافیت اور اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 11 مارچ 2026
کارٹون : 10 مارچ 2026