• KHI: Partly Cloudy 27°C
  • LHR: Partly Cloudy 21.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 19.8°C
  • KHI: Partly Cloudy 27°C
  • LHR: Partly Cloudy 21.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 19.8°C

سی اے 125 ٹیسٹ نے کینسر کی تشخیص میں مدد کی، خواتین اپنی علامات کو نظرانداز نہ کریں، انجلین ملک

شائع October 8, 2025
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

اداکارہ، ماڈل، پروڈیوسر و ہدایت کارہ انجلین ملک نے خواتین کو اپنی صحت کے حوالے سے محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ان میں اوورین کینسر کی تشخیص سی اے 125 ٹیسٹ کے ذریعے ممکن ہوئی، جس نے ان کی زندگی بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

رواں سال کے آغاز میں انجلین ملک نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔

بعد ازاں ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھا کہ انہیں ’اوورین کینسر‘ لاحق ہوا تھا، اس وقت وہ کینسر سے نجات پا چکی ہیں، تاہم ابھی مکمل طور پر کینسر فری نہیں ہوئیں اور ان کا علاج تاحال جاری ہے۔

حال ہی میں انجلین ملک نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے کینسر کے حوالے سے کھل کر بات کرتے ہوئے اسے ’خاموش کینسر‘ قرار دیا۔

ویڈیو میں انہوں نے مداحوں پر زور دیا کہ وہ اس بیماری کی علامات کے بارے میں آگاہی حاصل کریں اور انہیں معمولی جسمانی تکالیف سمجھ کر نظرانداز نہ کریں۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں ایک وضاحتی نوٹ بھی شامل کیا، جس میں انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ ان کا مواد صرف معلوماتی مقاصد کے لیے ہے اور اسے طبی مشورے کا متبادل نہ سمجھا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو بھی اپنے جسم میں کوئی مستقل تبدیلی محسوس ہو تو فوراً کسی ماہرِ صحت سے رجوع کریں۔

انجلین ملک نے وضاحت کی کہ اوورین کینسر کی ابتدائی علامات عام طور پر ہلکی ہوتی ہیں اور اکثر خواتین انہیں معمولی مسائل سمجھ کر نظرانداز کر دیتی ہیں، اسی وجہ سے یہ بیماری زیادہ تر دیر سے سامنے آتی ہے۔

ان کے مطابق بہت سے لوگ ان سے اوورین کینسر کی علامات کے بارے میں پوچھتے ہیں، وہ پھر یہی کہنا چاہیں گی کہ یہ ایک خاموش کینسر ہے۔

اداکارہ کے مطابق اوورین کینسر کی عام مگر خطرناک علامات میں پیٹ پھولنا، بھوک میں کمی، اچانک وزن کا بڑھنا یا گھٹنا، مسلسل تھکن، کمر درد اور بار بار پیشاب آنا شامل ہیں۔

مایو کلینک اور کلیولینڈ کلینک کے مطابق یہ تمام علامات اوورین کینسر سے وابستہ ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 40 سال سے زائد عمر کی خواتین میں ماہواری کے نظام میں کسی بھی قسم کی بے ترتیبی، جیسے زیادہ خون آنا یا ایسی تبدیلیاں جو عام طور پر مینوپاز سے منسلک سمجھی جاتی ہیں، یہ سب اوورین کینسر کی نشاندہی کر سکتی ہیں۔

ان کے مطابق خواتین عموماً ان علامات کو عام جسمانی مسائل سمجھ کر نظرانداز کر دیتی ہیں۔

انجلین ملک نے یہ بھی بتایا کہ اگرچہ یہ علامات الجھا دینے والی ہوتی ہیں، تاہم کچھ ٹیسٹ ایسے ہیں جو وضاحت فراہم کر سکتے ہیں، ان میں سب سے اہم ’سی اے 125‘ ٹیسٹ ہے، جو خون میں موجود ایک پروٹین کینسر اینٹی جن 125 کی مقدار کو چیک کرتا ہے، اگر اس کی سطح 35 سے زیادہ ہو تو یہ اوورین کینسر کی نشاندہی کر سکتی ہے، تاہم ہمیشہ نہیں۔

مایو کلینک کے مطابق اگر ’سی اے 125‘ کا نتیجہ 35 سے زیادہ ہو تو یہ کینسر کا اشارہ ہو سکتا ہے، لیکن بعض حالتیں جیسے اینڈومیٹریوسس، شرونی سوزش یا ماہواری بھی اس سطح کو بڑھا سکتی ہیں، اسی لیے یہ ٹیسٹ اکثر پیلوک الٹراساؤنڈ کے ساتھ کیا جاتا ہے۔

انجلین ملک نے خبردار کیا کہ سی اے 125 ٹیسٹ سو فیصد درست نہیں ہوتا، اس لیے اگر کسی میں یہ علامات ہوں تو اسے پیلوک الٹراساؤنڈ بھی ضرور کروانا چاہیے۔

انہوں نے اپنی کہانی بیان کرتے ہوئے بتایا کہ وہ خود اپنی علامات کو وقت پر پہچان نہیں سکیں تھیں، وہ سفر کر رہی تھیں اور اس دوران انہیں پیٹ پھولنے کا احساس ہوا، انہوں نے سمجھا شاید سفر کی تھکن ہے، اس لیے نظرانداز کر دیا۔

ان کے مطابق دو ماہ بعد جب وہ پاکستان واپس آئیں تو پیٹ پھولنے کا مسئلہ برقرار رہا، پھر انہوں نے سی اے 125 ٹیسٹ کروایا تو ان کا لیول 2000 سے زائد تھا، جو بہت خطرناک ہے کیونکہ یہ 35 سے کم ہونا چاہیے، بعد ازاں ان میں اوورین کینسر اسٹیج 3 کی تشخیص ہوئی۔

ویڈیو میں انجلین ملک کا کہنا تھا کہ وہ یہ سب اس لیے بتا رہی ہیں تاکہ خواتین میں آگاہی پیدا ہو، اگر کسی میں بھی ایسی علامات ہیں تو فوراً سی اے 125 ٹیسٹ کروائیں اور اگر نتیجہ نارمل سے زیادہ ہو تو الٹراساؤنڈ لازمی کرائیں، کسی بھی علامت کو معمولی سمجھ کر نظرانداز نہ کریں۔

اداکارہ نے کہا کہ وہ نہیں چاہتیں کہ کوئی اور وہ سب کچھ برداشت کرے جو انہوں نے کیا ہے یا کر رہی ہیں، اس لیے اپنی صحت کو کبھی بھی نظرانداز نہ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025