وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا انتخاب: کاغذات نامزدگی آج سہ پہر تک جمع کرانے کی ڈیڈلائن

شائع October 12, 2025
علی امین گنڈاپور نے 8 اکتوبر کو استعفیٰ دیا تھا، پی ٹی آئی نے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ نامزد کیا ہے۔
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
علی امین گنڈاپور نے 8 اکتوبر کو استعفیٰ دیا تھا، پی ٹی آئی نے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ نامزد کیا ہے۔ — فائل فوٹو: ڈان نیوز

خیبر پختونخوا (کے پی) کے وزیر اعلیٰ کا انتخاب کل ہوگا، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے آج سہ پہر 3 بجے تک کی ڈیڈلائن مقرر کی گئی ہے۔

اسپیکر کے پی اسمبلی بابر سلیم سواتی کی جانب سے جاری کردہ انتخابی شیڈول کے مطابق آج (اتوار کو) سہ پہر 3 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکیں گے، 3 بجے سے شام تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی، کے پی اسمبلی کا اجلاس کل صبح 10 بجے طلب کرلیا گیا ہے۔

علی امین گنڈاپور کے استعفے کے بعد خالی ہونے والی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے عہدے پر انتخاب کے لیے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے، اسپیکر کے پی اسمبلی بابر سلیم سواتی نے انتخابی شیڈول کا اعلامیہ جاری کیا ہے، جس کے مطابق آج سہ پہر 3 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔

شیڈول کے مطابق سہ پہر 3 بجے سے شام تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔

صوبائی اسمبلی کا اجلاس کل صبح 10 بجے طلب کیا گیا ہے، اجلاس کا کا ایجنڈا بھی جاری کردیا گیا ہے، اعلامیے کے مطابق وزیر اعلیٰ کے انتخاب سے قبل اسمبلی کی حاضری کے لیے گھنٹی بجائے جائے گی۔

گھنٹی بجنے کے بعد ہال کے تمام دروازے بند کر دیے جائیں گے، وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے ایز اور نوز میں اراکین کے ووٹ کے دستخط کے لیے رجسٹر رکھے جائیں گے، ایز اور نوز میں وزیر اعلیٰ کے امیدواروں کے ووٹوں کی گنتی ہوگی۔

واضح رہے کہ 8 اکتوبر کو پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ علی امین گنڈا پور کی جگہ سہیل آفریدی وزیراعلیٰ کے امیدوار ہوں گے۔

جس کے بعد علی امین گنڈا پور نے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کے حکم پر وزارت اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی کی پوزیشن بانی پی ٹی آئی کی امانت تھی، یہ امانت ان کو واپس کر کے اپنا استعفی دے رہا ہوں، تاہم سہیل آفریدی کو میری مکمل حمایت اور سپورٹ حاصل ہوگی اور ہم عمران خان کی رہائی اور پارٹی پالیسی کے لیے ایک ہوکر آگے بڑھیں گے۔

قبل ازیں، ترجمان گورنر ہاؤس خیبر پختونخوا نے علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج (11 اکتوبر) کی دوپہر ڈھائی بجے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا اپنے عہدے سے استعفیٰ باقاعدہ طور پر گورنر ہاؤس کو موصول ہوگیا۔

ترجمان گورنر ہاؤس نے بتایا کہ آئین و قانون کے مطابق استعفے کی جانچ پڑتال کی جائے گی اور تمام معاملے کو شفاف انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔

9 اکتوبر کو وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا تھا کہ تحریک انصاف انتشاری ٹولہ اور دہشت گردوں کا سہولت کار ہے، جیل میں بیٹھے شخص کے دور میں دہشت گردوں کو واپس لایا گیا اور اب سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا امیدوار اس لیے نامزد کیا گیا ہے کہ وہ دہشت گردوں کی کھل کر سہولت کاری کرسکیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ بدقسمتی سے خیبرپختونخوا میں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو اسپیس دی گئی، یہاں گورننس اور عوامی فلاح و بہبود کو جان بوجھ کر کمزور کیا گیا، جس کا خمیازہ آج تک خیبرپختونخوا کے بہادر اور غیور عوام اپنے خون اور اپنی قربانیوں کے ذریعے بھگت رہے ہیں۔

نامزد وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کون ہیں؟

خیبرپختونخوا کے نئے نامزد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے ہے اور انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی صدر رہ چکے ہے۔

سہیل آفریدی 2024 کے عام انتخابات میں پہلی بار ضلع خیبر سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔

اس کے علاوہ سہیل آفریدی علی امین گنڈا پور کی کابینہ میں بحثیت معاون خصوصی برائے موصلات ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں۔

تاہم، گزشتہ ہفتے صوبائی کابینہ میں تبدیلی کے بعد سہیل آفریدی کو معاون خصوصی سے صوبائی وزیر برائے اعلی تعلیم بنایا گیا تھا، وہ پی ٹی آئی کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025