افغان حکومت اپنی سرزمین پر دہشت گرد گروہوں کےخلاف ٹھوس کارروائی کرے، چیئرمین پیپلزپارٹی کا مطالبہ

شائع October 12, 2025
— فائل فوٹو: پیپلزپارٹی میڈیا سیل
— فائل فوٹو: پیپلزپارٹی میڈیا سیل

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا کہ افغان حکام علاقائی امن کے لیے تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، افغان حکومت اپنی سرزمین پر دہشت گرد گروہوں کےخلاف ٹھوس کارروائی کرے۔

ڈان نیوز کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ بلااشتعال جارحیت علاقائی امن اور استحکام کے لیےسنگین خطرہ اور خوشحالی کی اجتماعی کوششوں کو نقصان پہنچائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک افواج نے عزم، تحمل اور پیشہ ورانہ مہارت سے بلااشتعال حملے کا جواب دیا، دہشت گرد گروہ پاکستان سمیت خطے کے امن اور مستقبل کے لیے خطرہ ہیں۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان پُر امن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے، ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات پاکستان کی مستقل پالیسی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ افغان حکومت یقینی بنائے کہ انکی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو۔

واضح رہے کہ 11 اور 12 اکتوبر کی درمیانی شب پاک افغان سرحد پر افغان طالبان اور بھارتی اسپانسرڈ فتنۃ الخوارج کی جانب سے بلا اشتعال حملہ کیا گیا، پاک فوج نے دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق قوم کے بہادر سپوتوں نے افغان طالبان کی جانب سے پاکستان پر بلااشتعال حملوں کا مؤثر جواب دیا، جوابی کارروائیوں میں 200 سے زائد افغان طالبان اور خارجی ہلاک کر دیے گئے، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 23 سپوت شہید اور 29 زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق شہری جانوں کے تحفظ، غیر ضروری نقصان سے بچنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے گئے، پاک فورسز کی جوابی کارروائی میں بڑی تعدادمیں افغان طالبان اور خارجی زخمی بھی ہوئے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 21 افغان پوزیشنز پر قبضہ کرلیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025