50 سال سے ہماری سرزمین پر بیٹھے افغان مہاجرین کو وطن واپس جانا ہوگا، وزیردفاع
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 50سال سے ہماری سرزمین پر بیٹھے افغان مہاجرین کو وطن واپس جانا ہوگا،ہمیں اپنی معیشت کو افغان مہاجرین کے قبضے چھڑانا ہوگا۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر کی گئی پوسٹ میں کہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ حالات نے جو کروٹ لی ہے ( اس کےبعد ) 50 سال سے ہماری سرزمین پہ بیٹھے افغان مہاجرین کو وطن واپس جانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی معیشت کو افغان مہاجرین کے قبضے چھڑانا ہوگا، تندوروں سے لے کر ٹرانسپورٹ، ٹھیکیداری، ڈمپرمافیا،کنسٹرکشن وغیرہ یہ سارےشعبے ہماری معیشت کی بنیاد ہیں۔
وزیردفاع نےاپنے بیان میں مزید کہا کہ دنیا میں جیسے سرحدیں ہوتی ہیں پاک افغان سرحد بھی ایسے ہی ہونی چاہیے، تاکہ کوئی بھی منہ اٹھا کہ اپنی مرضی سے سرحد عبور نہ کرسکے۔
خیال رہے کہ گذشتہ شب افغان طالبان نے پاکستان پر بلااشتعال حملے کیے جن کا پاک افواج نے بھرپور انداز میں جواب دیا، جوبی کارروائیوں میں 200 سے زائد افغان طالبان اور خارجی ہلاک کر دیے گئے، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 23 سپوت شہید اور 29 زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ 11 اور 12 اکتوبر کی درمیانی شب پاک افغان سرحد پر افغان طالبان اور بھارتی اسپانسرڈ فتنۃ الخوارج کی جانب سے بلا اشتعال حملہ کیا گیا، پاک فوج نے دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا۔













لائیو ٹی وی