عراق: فوجی ہیلی کاپٹر تباہ ، چار فوجی ہلاک

کرکوک: عراقی دارالحکومت بغداد کے شمال میں بدھ کے روز نامعلوم مسلح افراد نے فوجی ہیلی کاپٹر مار گرایا جس میں چار سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔ جبکہ تشدد کے دوسرے واقعات میں اٹھارہ افراد ہلاک ہو گئے۔
فوجی حکام نے بتایا کہ بغداد کے شمال میں صحرا میں جنگجوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کے دوران مسلح افراد کی فائرنگ سے فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا، ہیلی کاپٹر میں سوار چار سیکورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے۔
کرکوک کے شمال میں واقع گورنر ہاوس کے قریب ایک کار بم دھماکے میں دو افراد ہلاک اور پندرہ زخمی ہو گئے۔
نینوا صوبے میں حملے کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہو گئے جبکہ دیالی صوبے میں دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔
بغداد میں ایک آئس کریم کی دکان اور دوسرا پارک میں ہونے والے دھماکوں میں تقریبا چار افراد ہلاک اور 17زخمی ہو گئے۔
جبکہ ایک اور دھماکہ دارالحکومت کے جنوب مشرق میں واقع سبزی منڈی میں ہوا جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے۔
تشدد کی یہ تازہ لہر گزشتہ چند ماہ سے جاری ہے جس میں فرقہ واریت کا رنگ نمایاں ہیں اس سے قبل بھی 2008 میں عراق شدید فرقہ وارانہ تشدد اور حملوں کا شکار رہا جس میں دسیوں ہزاروں افراد اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھے تھے۔ اس قسم کے واقعات کے بعد سے یہ خدشات پیدا ہوگئے ہیں کہ کہیں یہ تشدد 2006ء اور 2007ء کی فرقہ وارانہ جنگ سے آگے نہ بڑھ جائے-
اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق صرف ستمبر میں 1,000. افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
عراقی حکومت نے منگل کے روز بغداد سمیت سات شورش زدہ علاقوں میں سیکورٹی کے لیے اضافی تنخواہ کی منظوری دی ہے جو بگڑتی ہوئی سیکورٹی کی صورتحال کی ایک نشانی ہے۔