پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا کنٹینر بردار جہاز ہچیسن پورٹ پر لنگر انداز

شائع October 14, 2025
وفاقی وزیرِ بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے اس موقع کو ایک تاریخی واقعہ قرار دیا ہے
— فوٹو: ہچیسن پورٹس پاکستان
وفاقی وزیرِ بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے اس موقع کو ایک تاریخی واقعہ قرار دیا ہے — فوٹو: ہچیسن پورٹس پاکستان

ملک کی واحد گہرے پانی کی کنٹینر ٹرمینل ہچیسن پورٹس پاکستان پر ’ایم ایس سی مائیکول‘ لنگر انداز ہوگیا ہے، جو ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا جہاز ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 400 میٹر لمبا یہ کنٹینر جہاز 24 ہزار 70 ٹی ای یوز کی گنجائش رکھتا ہے، جس کی بدولت یہ دنیا کے جدید ترین جہازوں میں سے ایک اور پاکستان کی بندرگاہ پر آنے والا سب سے بڑا جہاز بن گیا ہے۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ایم ایس سی مائیکول کی آمد ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ٹرمینل انتہائی بڑے جہازوں کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

بڑے جہازوں کی ہینڈلنگ تجارتی کارکردگی کو بہتر بناتی ہے اور فریٹ (مال برداری) کے اخراجات کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے، جس سے ملک کی برآمدی مسابقت میں اضافہ اور درآمدی اخراجات میں کمی ہوتی ہے۔

وفاقی وزیرِ بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے اس موقع کو ایک تاریخی واقعہ قرار دیا، جو پاکستان کی حیثیت کو خطے کے شپنگ حب کے طور پر مضبوط کرتا ہے۔

دوسری جانب، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کی 2 ذیلی کمپنیاں، کراچی شپنگ اور لاہور شپنگ نے 2 افری میکس ٹینکرز، لوریکس اور نافسیکا خریدنے کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں، جن کا ڈیڈ ویٹ ٹنیج بالترتیب ایک لاکھ 9 ہزار 990 اور ایک لاکھ 12 ہزار 51 ٹن ہے۔

پی این ایس سی نے اس سے قبل 2026 تک اپنے بیڑے کو 30 جہازوں تک بڑھانے کے لیے 19 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے منصوبے کی منظوری دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025