’رات کے وقت بیوی سانپ بن جاتی ہے، کئی بار ڈسنے کی کوشش کرچکی‘
بھارت میں ایک شخص نے بیوی پر انوکھا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی بیوی رات کے وقت سانپ بن جاتی ہے اور کئی مرتبہ اسے ڈسنے کی کوشش کرچکی ہے۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع سیتاپور میں ایک شخص نے ضلعی مجسٹریٹ کے دفتر جا کر ایک ایسی حیران کن شکایت درج کروائی جس نے سب کو حیران کر دیا۔
شوہر نے الزام عائد کیا کہ اس کی بیوی رات کے وقت ناگن میں تبدیل ہوجاتی ہے اور اسے ڈسنے کی کوشش کرتی ہے، اس دوران وہ سانپ جیسی آوازیں نکالتی ہے، جس سے وہ سخت خوفزدہ ہے۔
یہ واقعہ ضلع سیتاپور کے گاؤں لوڈھاسا کا ہے، شکایت کنندہ شخص کا نام معراج بتایا گیا ہے، جس نے ضلعی مجسٹریٹ کو درخواست دیتے ہوئے کہا کہ اس کی بیوی نسیمن رات کے وقت عجیب رویہ اختیار کر لیتی ہے، وہ سانپوں کی طرح ’سسس‘ جیسی آوازیں نکالتی ہے، اسے دھمکیاں دیتی ہے اور کہتی ہے کہ وہ ناگن ہے جو اس سے پچھلے جنم کا بدلہ لینے آئی ہے۔
معراج کا کہنا ہے کہ اُس کی بیوی نسیمن ذہنی طور پر ٹھیک نہیں ہے اور رات کے وقت سانپ کی مانند حرکتیں کرتی ہے۔
اُس نے مزید دعویٰ کیا کہ بیوی کئی بار اسے مارنے کی کوشش بھی کر چکی ہے اور ایک موقع پر اُسے کاٹ بھی چکی ہے، بیوی کی حرکات سے وہ شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہے۔
معراج کے مطابق اس نے کئی بار پولیس کو اطلاع دی لیکن کسی نے اس کی بات پر یقین نہیں کیا، آخر کار اس نے اپنی شکایت ضلعی انتظامیہ کے سامنے پیش کی تاکہ کوئی اس معاملے کی حقیقت جانچ سکے۔
ضلعی مجسٹریٹ نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے پولیس کو تحقیقات کا حکم دے دیا ہے تاکہ پتا لگایا جا سکے کہ اصل میں معراج کی شکایت درست ہے یا نہیں اور اگر بیوی واقعی کسی ذہنی یا نفسیاتی مسئلے کا شکار ہے تو اس کا علاج کرایا جائے۔
دوسری جانب معراج کی بیوی نسیمن نے ایک ویڈیو بیان میں اپنے شوہر کے تمام الزامات کو جھوٹا قرار دیا ہے، اس کا کہنا ہے کہ اس کا شوہر جہیز کے معاملے پر اسے مسلسل تنگ کرتا ہے اور دوسری شادی کرنا چاہتا ہے۔
جاری کردہ ویڈیو بیان میں نسیمن نے کہا کہ اس کے شوہر نے اس کی کبھی دیکھ بھال نہیں کی، وہ چار ماہ کی حاملہ ہے، لیکن شوہر اس کی طبی ضروریات یا کھانے پینے کا کبھی خیال نہیں رکھتا۔
نسیمن کا کہنا ہے کہ وہ اسے جہیز کے لیے ہراساں کرتا ہے اور چاہتا ہے کہ کسی طرح وہ خود ہی اسے چھوڑ دے، شادی کے بعد سے ہی اُس پر ظلم کیا جا رہا ہے اور اب شوہر نے کہانی گھڑ کر اُسے ذہنی اور سماجی دباؤ میں لانے کی کوشش کی ہے۔
بعدازاں گاؤں کے کچھ افراد کے مطابق معراج اور نسیمن کے درمیان کافی عرصے سے جھگڑے چل رہے تھے، معراج اکثر کہتا تھا کہ اس کی بیوی کا رویہ غیر معمولی ہے، جب کہ نسیمن اپنے شوہر پر تشدد اور بدسلوکی کے الزامات لگاتی رہی ہے۔
فی الحال پولیس نے دونوں فریقین کے بیانات ریکارڈ کر لیے ہیں اور معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر شوہر کی شکایت غلط ثابت ہوئی تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی اور اگر بیوی کسی نفسیاتی بیماری میں مبتلا پائی گئی تو اسے طبی امداد فراہم کی جائے گی۔













لائیو ٹی وی