مریدکے: پُرتشدد مظاہرین کو منتشر کر دیا گیا، تصادم میں پولیس افسر سمیت 5 افراد جاں بحق

شائع October 14, 2025
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

مریدکے میں مذہبی جماعت کے تشدد پسند مظاہرین کو منتشر کر دیا گیا، تصادم میں پولیس افسر اور مذہبی جماعت کے کارکنوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مریدکے میں مذہبی جماعت کے پرتشدد مظاہرین کو منتشر کردیا گیا ہے، پر تشدد احتجاج میں پولیس افسر شہید اور درجنوں اہلکار زخمی ہوئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے مظاہرین سے مذاکرات کیے، جس میں احتجاج کو دوسرے مقام پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی، تاہم مذاکرات کے دوران قیادت ہجوم کو اکساتی رہی، ہجوم نے پتھراؤ، کیلوں والے ڈنڈے اور پیٹرول بم استعمال کیے جبکہ متعدد پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چھین کر فائرنگ کی گئی۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے سانحے سے بچنے کی کوشش میں شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا، جس پر مظاہرین مزید مشتعل ہوئے اور منظم حملے کیے گئے، مظاہرین نے کم از کم 40 سرکاری و نجی گاڑیاں اور دکانیں جلائیں، تصادم میں مذہبی جماعت کے 3 کارکن اور ایک راہ گیر جاں بحق ہوگیا، پوسٹ مارٹم رپورٹس کے مطابق فائرنگ چھینے گئے اسلحے سے کی گئی۔

مظاہرین نے یونیورسٹی کی بس سمیت متعدد گاڑیاں اغوا کیں، متعدد مقامات سے اندھا دھند فائرنگ بھی کی گئی، پولیس نے متعدد ملزمان کوگرفتار کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق مذہبی جماعت کے سربراہ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے، ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، کارروائی منظم تشدد کا حصہ تھی جس نے ریاست کو خطرے میں ڈالا، ایسے عناصر کو قانون کے مطابق جواب دہ ٹھہرایا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025