• KHI: Partly Cloudy 28.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.5°C
  • ISB: Cloudy 20.1°C
  • KHI: Partly Cloudy 28.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.5°C
  • ISB: Cloudy 20.1°C

’منچھر‘ جھیل پر بنی فلم ’موکلانی: دی لاسٹ موہانس‘ نے ایوارڈ جیت لیا

شائع October 14, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

پاکستان اور جنوبی ایشیا کی میٹھے پانی کی سب سے بڑی جھیل ’منچھر‘ اور وہاں آباد مچھیروں کی زندگی پر بنائی گئی دستاویزی فلم ’موکلانی: دی لاسٹ موہانس‘ نے جیکسن وائلڈ میڈیا کا عالمی ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔

ڈان امیجز میں شائع خبر کے مطابق فلم ساز جواد شریف کی دستاویزی فلم کو جیکشن وائلڈ میڈیا فیسٹیول میں چلایا بھی گیا اور پاکستانی فلم کو ’گلوبل وائس‘ کی کیٹیگری میں جیکسن وائلڈ میڈیا کا اعلیٰ ترین ایوارڈ دیا گیا۔

سندھی زبان میں بنائی گئی فلم میں منچھر جھیل میں رہنے والے مچھیروں کی زندگی، ان کی مشکلات، منچھر جھیل کی تباہی، ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے معدوم ہوتی ثقافت دکھائی گئی ہے۔

منچھر جھیل میں آباد مچھیر جنہیں سندھی زبان میں مہانا بھی کہا جاتا ہے، وہ نسل در نسل جھیل کے اندر کشتیوں پر آباد آبادیوں میں پیدا ہوتے اور رہتے ہیں۔

ماہی گیری سے وابستہ یہ افراد کشتیوں پر زندگی گزارتی ہیں اور فلم میں ان کی روایتی طرزِ زندگی کو دکھایا گیا ہے۔ فلم میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ کس طرح ماحولیاتی تبدیلیوں اور جھیل کے آلودہ پانی کی وجہ سے ان کی زندگی ختم ہو رہی ہے۔

فلم نے 3 اکتوبر 2025 کو امریکا کے شہر جیکسن، وائیومنگ میں ہونے والے جیکسن وائلڈ میڈیا ایوارڈز میں ’گلوبل وائسز‘ کیٹیگری میں ایوارڈ جیتا۔

مذکورہ ایوارڈ فطرت اور ماحولیاتی کہانیوں کے لیے بہت معتبر سمجھا جاتا ہے، جسے فطرت کی فلموں کے ’آسکر‘ بھی کہا جاتا ہے، فلم نے دنیا بھر کی 500 سے زائد فلموں کو پیچھے چھوڑا۔

’موکلانی‘ سندھی زبان کا لفظ ہے، جس کا مطلب ’آخری ملاقات‘ یا جدائی‘ ہوتا ہے، فلم میں مچھیروں کے خوابوں، گیتوں، خاموشیوں اور جدوجہد کو اجاگر کیا گیا ہے۔

فلم میں دکھایا گیا ہے کہ آلودگی کی وجہ سے کس طرح ان کی روایتی زندگی ختم ہو رہی ہے، فلم چار سال کی محنت سے بنائی گئی اور مہانا برادری کے ساتھ گہرے تعلق کے بعد ان کی زندگی کو قریب سے دکھاتی ہے۔

فلم کی ٹیم میں ڈائریکٹر اور پروڈیوسر جواد شریف ہیں، ان کے ساتھ ان کی اہلیہ سیدہ کشمالہ شریک پروڈیوسر، آصف علی ڈائریکٹر آف فوٹوگرافی، مشتاق مشی رنگوں کی ترتیب، سنیلا خان ایسوسی ایٹ پروڈیوسر، ماریہ جاوید بدوی تحقیق اور کہانی کی ترقی، فیاض خان لاجسٹکس، راجہ رمیش ساؤنڈ ڈیزائنر اور زین ادریس ڈرون سنیماٹوگرافر شامل ہیں۔

موسیقی کے لیے سیف سمیجو اور شمائلہ رحمت حسین نے شاہ لطیف اور شیخ ایاز کے اشعار پر مبنی ساؤنڈ ٹریک بنائے۔

فلم کے اچھوتے مناظر، کردار اور منچھر جھیل میں ختم ہوتی ثقافت کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ وہاں کشتیوں میں آباد لوگ کس قدر مشکل زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025