افغانستان: کابل میں 2 دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں

شائع October 15, 2025
— فوٹو: بشکریہ - چشم نیوز/ ایکس
— فوٹو: بشکریہ - چشم نیوز/ ایکس

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں 2 دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے صحافیوں نے اطلاع دی ہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں 2 دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ایک آئل ٹینکر اور ایک جنریٹر پھٹنے سے کابل میں آگ بھڑک اٹھی، اس کا تعلق کسی بیرونی حملے سے نہیں ہے۔

اے ایف پی کے نمائندوں کے مطابق افغان دارالحکومت میں ایمبولینسیں سڑکوں پر دوڑتی نظر آئیں جب کہ طالبان سیکیورٹی فورسز نے شہر کے مرکزی حصے کو گھیرے میں لے لیا۔

اے ایف پی کے مطابق دھماکوں کی آوازوں کے بعد کالا دھواں آسمان کی طرف اٹھتے دیکھے گئے، جب کہ دھماکے کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے جو زمین پر بکھرے ہوئے پائے گئے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کئی دنوں سے کشیدگی جاری ہے اور آج ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ افغان طالبان کی درخواست پر سیز فائر کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ آج شام 6 بجے سے اگلے 48 گھنٹوں کیلئے عارضی سیز فائر کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس دوران دونوں اطراف بات چیت کے ذریعے اس مسئلے کا حل تلاش کرنے کی مخلصانہ کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ 11 اور 12 اکتوبر کی درمیانی شب افغان طالبان نے پاکستان پر بلااشتعال فائرنگ کر دی تھی۔

طالبان سرحدی فورسز کے مطابق پاکستانی فضائی حملوں کے ردعمل میں افغان سرحدی فورسز مشرقی علاقوں میں بھاری لڑائی میں مصروف رہیں۔

اسلام آباد نے کابل پر زور دیا تھا کہ وہ کالعدم ٹی ٹی پی کو اپنی سرزمین پر پناہ دینے سے باز رہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی میں درجنوں افغان فوجی مارے گئے اور عسکری گروہ مؤثر اور شدید جوابی کارروائی کے باعث پسپا ہو گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025