سنرجیکو کے واجبات سے متعلق غلط بیانی پر پیٹرولیم حکام کے خلاف انکوائری کا حکم

شائع October 16, 2025
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

حکومت نے سنرجیکو پاک لمیٹڈ (سی پی ایل) کے خلاف واجب الادا واجبات سے متعلق وزیرِاعظم کے دفتر (پی ایم او) اور پیٹرولیم ڈویژن کو دیے گئے متضاد بیانات کی تحقیقات کے لیے 2 رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے، یہ بیانات حکومت کے لیے شدید سبکی کا باعث بنے تھے۔

ڈان اخبار مین شائع رپورٹ کے مطابق باخبر ذرائع نے بتایا کہ سیکریٹری پیٹرولیم مومن آغا نے پالیسی وِنگ کے جوائنٹ سیکریٹری خلیل احمد اور ڈائریکٹر سید احسن کو ہدایت کی ہے کہ وہ پیٹرولیم ڈویژن کی وزارت کے اندر ڈائریکٹوریٹ جنرل آف آئل اور پالیسی وِنگ کے افسران کی طرف سے دیے گئے غلط بیانات کی تحقیقات کریں۔

’ڈان‘ کو موصول ایک سرکاری یادداشت کے مطابق، وزیرِاعظم کے لیے پریزنٹیشن کی تیاری کے دوران یہ بات سامنے آئی تھی کہ سی پی ایل کے خلاف کوئی واجب الادا رقم موجود نہیں تھی، تاہم، بعد ازاں پی ایم او میں ہونے والی پریزنٹیشن کے دوران ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آئل کے افسران نے بتایا کہ سی پی ایل پر 5 ارب روپے کی رقم واجب الادا ہے۔

یادداشت میں کہا گیا تھا کہ اس غلط معلومات کے باعث پیٹرولیم ڈویژن کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا، لہٰذا ایک انکوائری کا حکم دیا گیا تاکہ ذمہ داران کا تعین کیا جا سکے اور متعلقہ افسران کے خلاف مناسب کارروائی عمل میں لائی جائے۔

یاد رہے کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے 26 اگست کے اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن کی وہ سمری منظور کرلی تھی، جس میں سی پی ایل کی جانب سے 2019 سے صارفین سے وصول کردہ مگر حکومت کو ادا نہ کی جانے والی تقریباً 47 ارب 50 کروڑ روپے کی پٹرولیم لیوی کی ریکوری کا ذکر تھا۔

تاخیر سے ادائیگی کے سرچارج سمیت کل واجب الادا رقم تقریباً 60 ارب روپے تک پہنچ چکی تھی۔

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) نے سی پی ایل کے واجبات کی ادائیگی کے لیے حکومت پاکستان اور پیٹرولیم ڈویژن کے درمیان ایک سیٹلمنٹ فریم ورک کی تیاری میں ثالث کا کردار ادا کیا تھا۔

بعد ازاں، ای سی سی نے ایس آئی ایف سی کی ایپکس/ایگزیکٹو کمیٹی/انٹرایجنسی کمیٹی کے فیصلوں کے مطابق تیار کردہ اس فریم ورک کی منظوری دی، جس کے تحت تصدیق شدہ اصل واجب الادا پٹرولیم لیوی کی رقم کی وصولی کے لیے پیٹرولیم ڈویژن کو سی پی ایل کے ساتھ ڈِیڈ آف سیٹلمنٹ پر دستخط کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

ای سی سی نے مزید ہدایت کی تھی کہ پیٹرولیم لیوی کی تمام واجب الادا رقم کی وصولی سیٹلمنٹ کے طے شدہ اصولوں کے مطابق سختی سے یقینی بنائی جائے۔

کارٹون

کارٹون : 4 فروری 2026
کارٹون : 3 فروری 2026