• KHI: Partly Cloudy 26.4°C
  • LHR: Cloudy 13.7°C
  • ISB: Cloudy 18.8°C
  • KHI: Partly Cloudy 26.4°C
  • LHR: Cloudy 13.7°C
  • ISB: Cloudy 18.8°C

بھارت کے پاکستان سے ہاتھ نہ ملانے پر آسٹریلوی کھلاڑیوں کا طنزیہ ردعمل، ویڈیو وائرل

شائع October 16, 2025
— فوٹو: اسکرین گریب
— فوٹو: اسکرین گریب

آئی سی سی مینز ٹی 20 ایشیا کپ 2025 کے دوران بھارت کی جانب سے پاکستان ٹیم سے ہاتھ نہ ملانے کے رویے نے جہاں شائقین کو حیران کیا، وہیں آسٹریلیا کے مرد و خواتین کرکٹرز نے اسی واقعے پر طنزیہ انداز میں ردعمل دیتے ہوئے ایک ویڈیو میں مختلف مزاحیہ اشارے پیش کیے، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔

آسٹریلیا کے معروف اسپورٹس پلیٹ فارم ’کایو اسپورٹس‘ نے ایک طنزیہ ویڈیو جاری کی، جس میں آسٹریلیا کی مرد و خواتین ٹیموں کے کھلاڑی بھارت کے رویے کا مذاق اڑاتے دکھائی دیے۔

ویڈیو کے آغاز میں اینکرز نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ بھارت آرہا ہے، لیکن ہم نے ان کی ایک کمزوری پکڑ لی ہے، دوسرا اینکر کہتا ہے کہ ہمیں معلوم ہے کہ وہ روایتی مصافحے کے زیادہ شوقین نہیں، تو کیوں نہ انہیں گیند پھینکنے سے پہلے ہی غیر متوازن کر دیا جائے۔

ویڈیو میں آسٹریلیا کے وائٹ بال کپتان مچل مارش، پیسر جوش ہیزل ووڈ، آل راؤنڈر گلین میکسویل، خاتون کرکٹر الیسا ہیلی، اسپنر سوفی مولی نیکس، گریس ہیرس اور دیگر کھلاڑی مختلف دلچسپ انداز میں بھارت کے ہاتھ نہ ملانے کے رویے کی نقل اتارتے دکھائی دیے۔

کھلاڑیوں نے ویڈیو میں طنزیہ انداز میں مختلف غیر روایتی ’گریٹنگز‘ پیش کیے جیسے ایئر ہائی فائیو، ہیڈ باؤ اور سلامی کے اشارے، نیتھن ایلس اور گلین میکسویل نے مٹھی اور ہتھیلی سے فرضی اشارے کیے، جب کہ خواتین ٹیم کی کپتان الیسا ہیلی نے مزاحیہ انداز میں انگلیاں ہلا کر بھارت کا مذاق اڑایا۔

اسپنر سوفی مولی نیکس نے اطالوی سلام کا اشارہ کیا، جو عام طور پر طنزیہ یا توہین آمیز اشارہ سمجھا جاتا ہے، اس کے بعد درمیانی انگلی دکھائی، مچل مارش نے مصافحے کے متبادل کے طور پر فنگر اِن دی آئس کپ کی تجویز دی، جب کہ دیگر کھلاڑیوں نے ہیونگ ہینڈز اور سالٹ آن دی پاپ کارن جیسے مزاحیہ اشارے پیش کیے۔

ویڈیو کے آخر میں ہیزل ووڈ نے ہنستے ہوئے کہا کہ شوٹر والا اشارہ کیسا رہے گا؟ جس پر تمام کھلاڑی قہقہے لگانے لگے۔

اگرچہ کایو اسپورٹس کی اصل ویڈیو بعد میں ہٹا دی گئی، تاہم اس کے کلپس سوشل میڈیا پر تاحال گردش کر رہے ہیں۔

یہ واقعہ آئی سی سی مینز ٹی 20 ایشیا کپ 2025 کے ہاتھ نہ ملانے کے تنازع کی یاد دلاتا ہے، جب چھ مواقع پر بھارت اور پاکستان کے درمیان اسی نوعیت کی صورتحال پیش آئی، جن میں گروپ میچز، سپر فور اور فائنل شامل تھے۔

ٹورنامنٹ کے دوران بھارتی ٹیم نے پاکستان کے خلاف کسی بھی میچ کے بعد مصافحہ نہیں کیا اور جیتنے کے فوراً بعد سیدھا ڈریسنگ روم واپس چلی گئی، ایک موقع پر پاکستانی کھلاڑی میدان میں روایتی مصافحے کے لیے انتظار کرتے رہے، مگر بھارتی ٹیم بغیر مصافحہ کیے میدان سے روانہ ہوگئی۔

اب بھارت 19 اکتوبر سے شروع ہونے والی تین ون ڈے اور پانچ ٹی 20 میچوں کی سیریز کے لیے آسٹریلیا کا دورہ کرے گا، جس کے بعد وہ وطن واپس جا کر جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ، تین ون ڈے اور پانچ ٹی 20 میچز کھیلے گا۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025