سونیا حسین اور فیصل قریشی کی ہارر فلم ’دیمک‘ کا ہیوسٹن میں شاندار پریمیئر
سونیا حسین اور فیصل قریشی کی ہارر فلم ’دیمک‘ نے اپنی کامیابی کا سفر بین الاقوامی سطح پر بھی جاری رکھتے ہوئے امریکا کے شہر ہیوسٹن میں پریمیئر پر شائقین کو متاثر کر دیا۔
پاکستان میں تقریباً 20 کروڑ روپے کی کمائی کرنے والی ’دیمک‘ نے ناظرین کو اپنے خوف اور حقیقت کے منفرد امتزاج سے مسحور کر دیا ہے۔
گزشتہ روز ’دیمک‘ کا امریکا کے شہر ہیوسٹن میں شاندار پریمیئر منعقد ہوا، جس میں شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ہیوسٹن کے اسٹار سنیما گرل میں ہونے والے ریڈ کارپٹ پریمیئر میں پاکستانی، بھارتی اور جنوبی ایشیائی کمیونٹی کے سینکڑوں افراد شریک ہوئے۔
تقریب میں فلم کے مرکزی اداکار فیصل قریشی، سونیا حسین، ہدایت کار رافے راشدی، پروڈیوسر سید مراد علی کے ساتھ ساتھ معروف اداکار اعجاز اسلم، عدنان صدیقی اور محب مرزا بھی موجود تھے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل قریشی نے کہا کہ امید ہے کہ ’دیمک‘ کو امریکا میں بھی وہی محبت ملے گی جو پاکستان میں ملی، یہ فلم پاکستانی سنیما کی نئی پہچان بنا رہی ہے۔
سونیا حسین نے بتایا کہ ’دیمک‘ 17 نومبر کو پورے امریکا میں ریلیز کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پہلے ہی پاکستان کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہارر فلم بن چکی ہے اور یہاں دیسی ناظرین سے ملنے والی محبت دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے۔

فلم کے پریمیئر کے بعد فیصل قریشی نے انسٹاگرام اسٹوری میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ فل ہاؤس کے لیے شکریہ ہیوسٹن، جب کہ سونیا حسین نے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے پردے کے پیچھے کے مناظر دکھائے۔
ویڈیو میں ان کی سنیما میں آمد، راہداریوں میں چلنے اور مداحوں سے ملاقات کے لمحات شامل تھے۔
ویڈیو کے کیپشن میں سونیا حسین نے لکھا کہ ’دیمک‘ کا پریمیئر مکمل طور پر ہاؤس فل تھا، اتنی محبت کہ لوگ صرف اس تقریب کا حصہ بننے کے لیے سیڑھیوں پر بیٹھے رہے، لوگوں کی گرمجوشی کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے تقریب میں شریک شوبز شخصیات کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اپنی موجودگی سے تقریب کو مزید یادگار بنا دیا۔












لائیو ٹی وی