سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں عاصمہ جہانگیر گروپ کی مسلسل تیسری کامیابی

شائع October 17, 2025
لاہور سے تقریباً 200 ووٹوں کی برتری نے عاصمہ جہانگیر گروپ کی مجموعی کامیابی میں فیصلہ کن کردار ادا کیا — فوٹو: آن لائن
لاہور سے تقریباً 200 ووٹوں کی برتری نے عاصمہ جہانگیر گروپ کی مجموعی کامیابی میں فیصلہ کن کردار ادا کیا — فوٹو: آن لائن

عاصمہ جہانگیر گروپ کے نام سے مشہور انڈیپینڈنٹ گروپ نے لگاتار تیسری بار سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن (ایس سی بی اے) کے انتخابات میں کامیابی حاصل کر لی ہے، حارث الرشید نئے صدر جبکہ زاہد اسلم اعوان سیکریٹری منتخب ہو گئے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق غیر سرکاری نتائج میں بتایا گیا ہے کہ حارث الرشید نے حامد خان کی زیر قیادت پروفیشنل گروپ سے تعلق رکھنے والے اپنے حریف توفیق آصف کے مقابلے میں نمایاں برتری حاصل کی، صرف لاہور سے حارث الرشید نے 629 ووٹ حاصل کیے جبکہ توفیق آصف کو 431 ووٹ ملے، لاہور سے تقریباً 200 ووٹوں کی برتری نے مجموعی کامیابی میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔

دیگر پولنگ اسٹیشنز سے ووٹوں کی تفصیل کے مطابق کوئٹہ میں حارث الرشید کو 120 اور توفیق آصف کو 101 ووٹ ملے، ملتان میں بالترتیب 135 اور 115، سکھر میں 55 اور 15، سوات میں 27 اور 23 جبکہ بنوں میں 25 اور 5 ووٹ ملے۔

اس سال صدارت کا عہدہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے لیے مخصوص تھا، اس لیے دونوں امیدوار اسلام آباد/راولپنڈی سے تھے۔

یہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے اعلیٰ ترین عہدے پر انڈیپنڈنٹ گروپ کی مسلسل تیسری کامیابی ہے۔

سیکریٹری کے عہدے کے لیے زاہد اعوان نے 595 ووٹ حاصل کر کے میاں عرفان اکرم کو شکست دی، جنہیں لاہور رجسٹری پولنگ اسٹیشن پر 442 ووٹ ملے۔

غیر سرکاری نتائج کے اعلان کے بعد انڈیپنڈنٹ گروپ کے حامیوں نے پولنگ اسٹیشنوں کے باہر جشن منایا اور اپنے کامیاب امیدواروں کے حق میں نعرے لگائے۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کے حتمی سرکاری نتائج اگلے ہفتے اسلام آباد میں جاری کیے جائیں گے۔

نو منتخب صدر حارث الرشید نے اپنی کامیابی کے بعد قانونی برادری کی فلاح و اتحاد کے لیے کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

انڈیپنڈنٹ گروپ کے سربراہ احسن بھون نے صدر اور سیکریٹری کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کو دباؤ میں لانے اور پارلیمنٹ کو کمزور کرنے والی قوتوں کو وکلا کے ووٹ کے ذریعے واضح پیغام دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم ایک آئینی عدالت چاہتے ہیں جہاں اشرافیہ کے مقدمات سنے اور فیصلے کیے جائیں، جب کہ دیگر مقدمات معمول کی عدالتوں میں چلتے رہیں‘۔

احسن بھون نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے ججوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر 70 سال تک بڑھائی جانی چاہیے تاکہ عدالتی تسلسل کو مضبوط کیا جاسکے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کامیابی پر انڈیپنڈنٹ گروپ کو مبارکباد دی اور احسن بھون کے لیے خصوصی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت ہمیشہ قانونی برادری کو اصلاحات اور قانون کی بالادستی کے عمل میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر دیکھتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ وکلا نمائندوں کے ساتھ مستقل رابطے میں رہتے ہیں تاکہ پالیسی سازی میں ان کی رائے شامل کی جا سکے۔

وزیرِ اعظم نے امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی نئی منتخب باڈی ملک میں انصاف، جمہوریت اور آئینی اقدار کے تحفظ کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گی۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025