سندھ میں ڈینگی اور ملیریا سے بچاؤ کی ہنگامی مہم کا آغاز
وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی ہدایت پر صوبے بھر میں ڈینگی اور ملیریا سے بچاؤ کی ہنگامی مہم کا آغاز کر دیا گیا، عذرا پیچوہو نے تمام اضلاع میں فوگنگ، اسپرے، آگاہی سیشنز اور عوامی مہم تیز کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
محکمہ اطلاعات سندھ کے ایکس اکاؤنٹ پر کی گئی پوسٹ کے مطابق سندھ میں ڈینگی اور ملیریا سے بچاؤ کی ہنگامی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے اور وزیرصحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور متعلقہ محکموں کو ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے تمام اضلاع میں فوگنگ، اسپرے، آگاہی سیشنز اور عوامی مہم تیز کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی اور ملیریا سے بچاؤ کے لیے حکومت سندھ کی مشینری متحرک کر دی گئی۔
وزیر صحت نے کہا کہ ہر ضلع میں اسپرے، فوگنگ اور آگاہی پروگرامز کو روزانہ کی بنیاد پر یقینی بنایا جائےگا، عوامی تعاون سے جلد اس وبا پر قابو پاسکتے ہیں، عوام کردار ادا کریں۔
وزیرصحت کا کہنا تھا کہ رواں سال ڈینگی کے 819 اور ملیریا کے 2 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
وزیرصحت سندھ کا کہنا تھا کہ اسکولوں، ہسپتالوں، مارکیٹوں، بس اسٹاپس سمیت عوامی مقامات پر بینرز، پمفلٹس اور آگاہی مواد آویزاں کیے جا رہے ہیں، جبکہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو گھر گھرجا کرآگاہی دینے کاٹاسک دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ صفائی اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تو وبا کو جلد ختم کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں دن رات عوامی تحفظ کےلیے سرگرم عمل ہیں، اور ڈینگی اور ملیریا سےمتعلق صورتحال کی مانیٹرنگ روزانہ کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔













لائیو ٹی وی