موسم کنٹرول میں نہیں، ویمنز ٹیم سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے پوری کوشش کر رہی ہے، رامین شمیم
قومی ویمنز ٹیم کی باؤلر رامین شمیم نے کہا ہے کہ موسم ہمارے کنٹرول میں نہیں ہے، لیکن ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے اپنی پوری کوشش کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں کل پاکستان کا مقابلہ جنوبی افریقہ کے خلاف ہوگا۔
کولمبو میں مون سون کی بارشوں کے باعث پاکستان کے پچھلے دو میچ (انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کیخلاف) منسوخ ہو گئے تھے، جس سے ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے قیمتی پوائنٹس لینے کا موقع ضائع ہوا۔
ہفتے کو نیوزی لینڈ کے خلاف منسوخ شدہ میچ کے نتیجے میں جنوبی افریقہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی دوسری ٹیم بن گئی، جبکہ گرین شرٹس ابھی تک اپنی پہلی فتح کی تلاش میں ہیں۔
کولمبو میں پری میچ پریس کانفرنس کے دوران رامین شمیم نے کہا کہ جی، ظاہر ہے، بارش ہمارے کنٹرول میں نہیں ہے، ہم موسم کو قابو نہیں کر سکتے، بدقسمتی سے ہم خوش نہیں ہیں کیونکہ ہم انگلینڈ کے خلاف بہت اچھا کھیل رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ لیکن ہم پراعتماد ہیں کیونکہ ہم نے پچھلے دو میچوں میں اچھی کرکٹ کھیلی اور اب ہمیں جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف کھیلنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ان کے خلاف واقعی تیار ہیں کیونکہ ہم اس ورلڈ کپ سے پہلے جنوبی افریقہ کے خلاف ایک سیریز کھیل چکے ہیں، لہٰذا ہمیں معلوم ہے کہ اگلے دو میچوں میں کیا کرنا ہے، اور ہمارا مقصد بس یہ ہے کہ ہم یہ دونوں میچ جیتیں۔
یاد رہے کہ گرین شرٹس نے ستمبر میں لاہور میں پروٹیز کے خلاف ہوم سیریز کھیلی تھی، جہاں وہ ابتدائی دو میچ ہار گئے تھے، لیکن اسپن دوست پچ پر آخری ون ڈے میں مہمان ٹیم کو شکست دی تھی۔
دونوں ٹیمیں کولمبو میں ورلڈ کپ سے قبل پریکٹس میچ میں بھی آمنے سامنے آئی تھیں، جہاں پروٹیز نے 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
پاکستانی باؤلر نے مزید کہا کہ سیمی فائنل کے حالات ان کے اختیار میں نہیں ہیں، اور یہ کہ ہم بس اگلے میچ جیتنا چاہتے ہیں۔
جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر ماساباتا کلاس نے بھی پاکستان کے خلاف ہونے والے مقابلے کو ایک چیلنج قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ظاہر ہے، پاکستان ایک مضبوط ٹیم ہے، ہم بس جا کر یہ نہیں سوچ سکتے کہ یہ ہمارے لیے آسان ہوگا، لیکن جو چیز ہمارے لیے فائدہ مند ہوگی وہ یہ ہے کہ ہم اپنی بنیادی حکمتِ عملی پر قائم رہیں اور وہی کریں جو ہم نے ورلڈ کپ کے پہلے دن سے کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ٹیم گرین شرٹس کو ہلکا نہیں لے رہی۔












لائیو ٹی وی