امریکا کیلئے براہِ راست پروازوں کی بحالی کی تیاری شروع کردی، خواجہ آصف
وفاقی وزیرِ ہوا بازی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ برطانیہ کے لیے پروازوں کی بحالی کی منظوری کے بعد پاکستان نے اب امریکا کے ساتھ براہِ راست فضائی رابطوں کی بحالی کی تیاری شروع کر دی ہے۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق خواجہ آصف نے پیر کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی ہوابازی کے حکام کے ساتھ بات چیت میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہے جلد اجازت مل جائے گی، حکومت بین الاقوامی معیار پر پورا اترنے اور حفاظتی اقدامات کو بہتر بنانے پر کام کر رہی ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان کی فضائی رسائی مزید ممالک تک بڑھ سکتی ہے۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے ترجمان نے امریکا کے لیے پروازوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شمالی امریکا میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے براہِ راست پروازوں کی بہت زیادہ طلب ہے۔
ہوا بازی کے ایک ماہر کے مطابق امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کی ایک ٹیم نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا اور سیفٹی آڈٹ مکمل کیا ہے۔
ان آڈٹس کے مثبت نتائج کی صورت میں پی آئی اے کو ایف اے اے کی جانب سے کیٹیگری ون کا درجہ مل سکتا ہے، جو امریکا کے لیے براہِ راست پروازوں کی بحالی کے لیے ضروری ہے۔
پی آئی اے کا اتحاد ایئر ویز سے اشتراک
دوسری جانب پی آئی اے نے پیر کو اعلان کیا کہ اس نے متحدہ عرب امارات کی ایئر لائن اتحاد ایئر ویز کے ساتھ کوڈ شیئر معاہدہ کر لیا ہے۔
یہ شراکت داری 31 اکتوبر سے نافذ العمل ہوگی اور اس میں کارگو سروسز کے ساتھ فریکوئنٹ فلائر پروگرامز بھی شامل ہوں گے۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق ’یہ معاہدہ پی آئی اے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے‘، اور اس میں مسافر پروازیں بھی شامل ہوں گی، اس معاہدے سے ان روٹس پر سہولت ہوگی جہاں پی آئی اے براہِ راست پروازیں نہیں چلاتی، یوں مسافروں کو اتحاد ایئر ویز کے وسیع نیٹ ورک تک رسائی ملے گی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ یہ کوڈ شیئر معاہدہ پی آئی اے کی سروسز کو بہتر بنائے گا اور آمدن میں اضافے کا باعث بنے گا۔












لائیو ٹی وی