• KHI: Partly Cloudy 22.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.9°C
  • KHI: Partly Cloudy 22.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.9°C

اسلام آباد ہائیکورٹ کا نیب کو زلفی بخاری کی جائیداد نیلامی کا عمل روکنے کا حکم

شائع October 21, 2025
اسلام آباد ہائیکورٹ نے 2 ہزار 100 کنال کی نیلامی روکتے ہوئے نیب سےجواب طلب کرلیا۔
—فائل فوٹو: پی ٹی آئی
اسلام آباد ہائیکورٹ نے 2 ہزار 100 کنال کی نیلامی روکتے ہوئے نیب سےجواب طلب کرلیا۔ —فائل فوٹو: پی ٹی آئی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما زلفی بخاری کی جائیداد کی نیلامی کا عمل روکنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس انعام امین منہاس پر مشتمل ڈویژن بینچ نے زلفی بخاری کی جائیداد کی نیلامی کے حوالے سے نیب کے فیصلے کے خلاف زلفی بخاری کی بہن سکینہ بخاری کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیا، جائیداد نیلامی کا مکمل ریکارڈ بھی طلب کر لیا گیا۔

درخواست گزار کی جانب سے سینئر وکیل بابر اعوان ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیا کہ نیلامی ہو گئی ہے؟ ابھی کیا اسٹیٹس ہے؟

وکیل بابر اعوان نے کہا کہ نیلامی کا عمل جاری ہے لیکن ہمیں کوئی نوٹس جاری نہیں کیا گیا، نیلامی کا اشتہار جاری ہوا تو اس سے ہمیں علم ہوا۔

انہوں نے کہا کہ جائیداد کس نے خریدی ہے اس کی کوئی دستاویزات بھی سامنے نہیں آئی ہیں۔

درخواست گزار کے وکیل بابر اعوان نے مؤقف اختیار کیا کہ اشتہار سے جائیداد کی نیلامی کے عمل کا علم ہوا، 2 ہزار 100 کنال مشترکہ اراضی ہے، جس کی تقسیم ابھی نہیں ہوئی۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے سوال کیا کہ کیا جائیداد کی تقسیم ہو چکی ہے؟

بابر اعوان نے کہا کہ 2 ہزار 100 کنال مشترکہ اراضی ہے،جس کی تقسیم ابھی نہیں ہوئی، زمین کے دیگر مالکان بھی ہیں، میں صرف سکینہ بخاری کا وکیل ہوں، عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کر کے آئندہ تاریخ تک جواب طلب کر لیا۔

عدالت نے کیس کی سماعت نومبر کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ زلفی بخاری اسلام آباد کی احتساب عدالت میں چلنے والے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں اشتہاری ہیں۔

گزشتہ سال احتساب عدالت اسلام آباد نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں اشتہاری ملزم زلفی بخاری کی جائیداد ریفرنس کےساتھ منسلک کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا تھا کہ زلفی بخاری جان بوجھ کر عدالتی کارروائی کا حصہ نہیں بنے حالانکہ 6 جنوری 2024 کو عدالت کی جانب سے انہیں اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔

عدالت نے کہا کہ زلفی بخاری اسلام آباد میں مجموعی طور پر 34 کنال جبکہ اٹک میں مجموعی طور پر 1301 کنال اراضی کے مالک ہیں۔

احتساب عدالت نے کہا کہ زلفی بخاری کی اسلام آباد اور اٹک میں اراضی کو ریفرنس کے ساتھ منسلک کیا جاتا ہے، زلفی بخاری کے معلوم پتوں پر نوٹسز جاری کیے جائیں اور 7 روز میں تعمیلی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے۔

کارٹون

کارٹون : 12 دسمبر 2025
کارٹون : 11 دسمبر 2025