ویسٹ انڈیز نے ون ڈے کرکٹ کی 54 سالہ تاریخ کا انوکھا ریکارڈ بنا ڈالا
ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم نے ون ڈے کرکٹ کی 54 سالہ تاریخ کا انوکھا ریکارڈ قائم کر دیا۔
ڈھاکا کے شیرِ بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے میچ کے دوران کیربیین ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ کرکٹ کا منفرد ریکارڈ قائم کیا۔
جس میں ویسٹ انڈیز ٹیم پورے 50 اوورز صرف ’اسپن باؤلرز‘ سے کروانے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی۔
مہمان ٹیم کے کپتان شائے ہوپ نے پلیئنگ الیون میں 2 میڈیم فاسٹ باؤلر شرفین ردرفورڈ اور جسٹن گرویز کے موجود ہونے کے باوجود ان سے ایک بھی اوور نہیں کروایا۔
کپتان شائے ہوپ نے 50 اوورز کے لیے 5 اسپنرز کا استعمال کیا، جس میں عقیل حسین، روسٹن چیز، کھارے پیئر، گُدا کیش موتی اور علیک اتھانازے سے 10،10 اوورز کا کوٹہ مکمل کروایا۔
اس سے قبل سری لنکا کرکٹ ٹیم نے 1996 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 44 اوورز اسپن باؤلرز سے کروائے تھے، جبکہ سری لنکا نے نیوزی لینڈ کے خلاف 1998 اور آسٹریلیا کے خلاف 2004 میں بھی اسپن کے 44 اوورز کرائے تھے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کے پچز پر اسپن باؤلرز کو بیٹرز کے خلاف خاطر خواہ مدد حاصل ہوتی ہے، جس کی ایک اور واضح مثال اس میچ میں بھی نظر آئی۔
سنسنی خیز مقابلے میں بنگلہ دیش کو شکست
بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا گیا لو اسکورنگ میچ ’سپر اوور‘ میں نتیجہ خیز ثابت ہوا، جس میں مہمان ٹیم نے فتح حاصل کر کے سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی۔
اس سے قبل بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز بنائے، جواب میں ویسٹ انڈیز ٹیم بھی 9 وکٹوں کے نقصان پر 213 ہی بنا سکی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے سومیا سرکار 45 اور مہدی حسن 38 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ویسٹ انڈیز کے گُدا کیش موتی نے 65 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں کیریبین کپتان شائے ہوپ 53 اور کِیسی کارٹی 35 رنز بنانے میں کامیاب رہے، بنگلہ دیشی اسپنر رشاد حسین نے 3 جبکہ نسیم احمد اور تنویر اسلام نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔












لائیو ٹی وی