اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی ممکنہ قلت کے حوالے سے وضاحت جاری کردی
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی ممکنہ قلت کےحوالے سے وضاحت جاری کر دی۔
ترجمان اوگرا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں ایندھن کی قلت کی کوئی صورتحال درپیش نہیں ہے، ایندھن کی قلت کے حوالے سے صورتحال مکمل قابو میں ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ درآمدی پیٹرولیم مصنوعات کی کلیئرنس میں کچھ تاخیر آئی تھی، اب صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے۔
ترجمان اوگرا نے بتایا کہ آج پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کا ڈیزل جہاز اور وافی کا پیٹرول جہاز کلیئر کر دیا گیا ہے، ملک بھر میں ایندھن کی سپلائی معمول کے مطابق جاری ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ کاروباری سرگرمیاں حسب معمول چل رہی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا تھا کہ حکومت سندھ کی جانب سے سندھ انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس کے نفاذ سے پیٹرولیم مصنوعات کی کراچی پورٹ سے کلیئرنس میں تاخیر کے نتیجے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) نے وزیرِ اعلیٰ سندھ کو ایک ہنگامی خط کے ذریعے آگاہ کیا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کے کارگو اور بندرگاہ پر کھڑے جہازوں کو فوری کسٹم کلیئرنس نہ ملی تو ملک بھر میں سپلائی چین متاثر ہو سکتی ہے۔
آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے کہا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کے ڈسچارج ہونے والے کارگو اور بندرگاہوں پر کھڑے جہاز بھی ڈسچارج ہو رہے ہیں، فوری کسٹم کلیئرنس کی ضرورت ہے۔












لائیو ٹی وی