حق مہر پر اختلاف نے نکاح میں تاخیر کروا دی، صوبوں کے لحاظ سے فرق معلوم ہوا، ہارون شاہد
اداکار ہارون شاہد نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی شادی کے دوران حق مہر پر اختلاف کے باعث نکاح میں تاخیر ہوئی تھی۔
ہارون شاہد نے حال ہی میں مارننگ شو ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی شادی اور ذاتی زندگی کے دلچسپ واقعات شیئر کیے۔
اداکار نے بتایا کہ ان کی شادی کے دوران کافی عجیب صورتحال پیش آئی تھی، ان کے نکاح کو مکمل ہونے میں تقریباً 2 گھنٹے لگ گئے تھے۔
ان کے مطابق ان کے سسرال والے پشتو بولنے والے ہیں، اس لیے ان کے درمیان ثقافتی فرق بھی موجود تھا، اسی فرق کی وجہ سے نکاح کے وقت حق مہر پر لمبی بحث ہوئی جو تقریباً 2 گھنٹے تک جاری رہی۔
انہوں نے بتایا کہ نکاح نامے میں انہوں نے وہی حق مہر درج کیا تھا جو عام طور پر پنجابی خاندانوں میں ہوتا ہے، مگر اس پر کچھ اختلاف سامنے آیا اور اسی دن انہیں پتا چلا کہ صوبوں کے لحاظ سے حق مہر میں بھی فرق ہوتا ہے۔
ہارون شاہد نے کہا کہ اس وقت وہ سب کچھ انہیں برا لگا تھا، لیکن اب یہ واقعہ ان کے اور ان کے سسرال کے درمیان نکاح کی ایک یاد بن چکا ہے۔
اپنے پہلے بیٹے کی پیدائش سے متعلق بات کرتے ہوئے اداکار نے کہا کہ وہ لمحہ ان کے لیے بہت خاص تھا کیونکہ طویل عرصے بعد ان کے گھر میں کوئی بچہ پیدا ہوا تھا اور اسی خوشی کے باعث ان کی والدہ بھی جذبات میں آکر رو پڑی تھیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس موقع پر ہسپتال کی ایک نرس نے انہیں خاصی پریشانی میں ڈال دیا تھا، اُس وقت وہ نئے نئے اداکاری کے میدان میں آئے تھے اور وہ نرس انہیں پہچانتی تھی۔
ہارون شاہد کے مطابق وہ نرس بار بار ان سے تصاویر بنانے اور ویڈیوز لینے کا کہتی رہی، حالانکہ وہ اُس وقت اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے تھے، نرس کی یہ حرکتیں انہیں اُس لمحے کافی پریشان کر گئی تھیں۔












لائیو ٹی وی