کوئٹہ: کسٹمز انفورسمنٹ نے اربوں روپے مالیت کی کرسٹل آئس اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی
کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے اربوں روپے مالیت کی کرسٹل آئس اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہےکہ کلکٹر کسٹمز (انفورسمنٹ) کوئٹہ کی مصدقہ اطلاع پر جو ایڈیشنل کلکٹر کے ذریعے موصول ہوئی، اسسٹنٹ کلکٹر فیلڈ انفورسمنٹ یونٹ نوشکی نے اپنے عملے کو تافتان سے کوئٹہ کی جانب آنے والے ایک ہینو 6 وہیلر ٹرک کو روکنے کی ہدایت کی۔
مزید بتایا گیا کہ گاڑی کی تفصیلی تلاشی کے دوران ٹرک کے پچھلے حصے کے نیچے نصب ایک تبدیل شدہ فیول ٹینک برآمد ہوا، جس کی مکمل جانچ پڑتال پر ڈبوں میں بند مشکوک سامان برآمد ہوا۔
اعلامیے کے مطابق گاڑی میں موجود دو افراد سامان کے بارے میں کوئی اطمینان بخش وضاحت پیش نہ کر سکے۔
ایف بی آر کے مطابق فیلڈ انفورسمنٹ یونٹ نوشکی کے عملے نےگاڑی اور برآمد شدہ ڈبے اپنے دفتر کےاحاطے میں منتقل کیے، مزید تفتیش پر ان ڈبوں سے 300 کلوگرام منشیات کرسٹل / آئس - میتھ ایمفیٹامین برآمد ہوئی۔
مزید بتایا گیا کہ تین سو کلو گرام کرسٹل/آئس میتھا مفیٹامائن کی مالیت کا تخمینہ 18 ارب 65 کروڑ 30 لاکھ روپے لگایا گیا ہے جبکہ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والے ٹرک کی مالیت کا تخمینہ 80 لاکھ روپے لگایا گیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ ضبط شدہ دونوں اشیا کی مالیت 18.67 ارب روپے بنتی ہے، دونوں ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 22 اکتوبر کو پاکستان نیوی کے جہاز (پی این ایس یرموک) نے بحیرہ عرب میں کشتیوں سے 97 کروڑ 20 لاکھ امریکی ڈالر سے زائد مالیت کی منشیات قبضے میں لے لی تھی۔
امریکا سمیت مختلف ممالک کے مشترکہ بحری اتحاد، کمبائنڈ میری ٹائم فورس (سی ایم ایف) نے بتایا کہ پاک بحریہ کے جہاز نے گزشتہ ہفتے 48 گھنٹوں کے اندر 2 الگ الگ کشتیوں کو روکا، یہ کارروائیاں سعودی قیادت میں قائم کمبائنڈ ٹاسک فورس (سی ٹی ایف) 150 کی براہِ راست مدد میں آپریشن ’المسمک‘ کے دوران کی گئیں، جو 16 اکتوبر کو شروع ہوا تھا۔












لائیو ٹی وی