• KHI: Partly Cloudy 29.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 26.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 23.9°C
  • KHI: Partly Cloudy 29.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 26.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 23.9°C

ترکیہ میں 6.1 شدت کا زلزلہ، 3 عمارتیں منہدم

شائع October 28, 2025

ترکیہ کے مغربی قصبے سِندِرگی میں پیر کی شب 6.1 شدت کا زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں 3 عمارتیں منہدم ہوگئیں، گزشتہ 3 ماہ سے بھی کم عرصے میں یہ اس علاقے میں آنے والا دوسرا زلزلہ ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ترکیہ کی ہنگامی امدادی ایجنسی آفاد نے بتایا کہ یہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 48 منٹ پر آیا اور اس کے جھٹکے استنبول اور سیاحتی مرکز ازمیر میں بھی محسوس کیے گئے، ابتدائی طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلکایا نے کہا کہ پچھلے زلزلے کے بعد جن 3 عمارتوں اور ایک دکان کو خالی کرایا گیا تھا، وہ حالیہ زلزلے کے نتیجے میں گرگئی ہیں، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

دوسری جانب، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے منگل کے روز ترکیہ کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کی گئی پوسٹ میں لکھا ’پاکستان امدادی کاررائیوں میں مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے، ہماری دعائیں تمام متاثرہ افراد کے ساتھ ہیں۔

10 اگست کو بھی اسی شدت کا ایک زلزلہ سِندِرگی میں آیا تھا جس میں ایک شخص جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے تھے، یہ قصبہ ازمیر سے تقریباً 138 کلومیٹر (86 میل) شمال مشرق میں پہاڑی علاقے میں واقع ہے۔

یاد رہے کہ ترکی کئی بڑی فالٹ لائنز پر واقع ہے، جو اس سے پہلے بھی ملک میں تباہ کن زلزلوں کا باعث بن چکی ہیں۔

فروری 2023 میں جنوبی مغربی ترکی میں آنے والے ایک بڑے زلزلے نے 53 ہزار سے زائد افراد کی جان لی اور انطاکیہ شہر کو تباہ کر دیا تھا جب کہ جولائی کے آغاز میں اسی خطے میں 5.8 شدت کے زلزلے نے ایک شخص کی جان لے لی تھی اور 69 افراد زخمی ہوئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 26 مارچ 2026
کارٹون : 25 مارچ 2026