• KHI: Clear 21.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.5°C
  • ISB: Cloudy 12°C
  • KHI: Clear 21.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.5°C
  • ISB: Cloudy 12°C

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی عمران خان سے ملاقات کی ایک اور کوشش ناکام، داہگل ناکہ سے واپس روانہ

شائع October 28, 2025
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ایک اور کوشش ناکام ہو گئی، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی بہن عظمی خان کو ملاقات کی اجازت ملی تاہم دیگر افراد کو بغیر ملاقات کے واپس جانا پڑا۔

ڈان نیوز کے مطابق سربراہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے دن وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اراکین صوبائی اسمبلی اور کارکنان کے ہمراہ داہگل ناکے پر پہنچے، جہاں انہیں پولیس اہلکاروں نے روک دیا، اڈیالہ جیل جانے کی اجازت نہ ملنے پر سہیل آفریدی داہگل ناکے سے ہی واپس روانہ ہو گئے۔

عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور نورین خانم کو بھی فیکٹری ناکے سے آگے جانے کی اجازت نہ مل سکی، جبکہ پی ٹی آئی سربراہ کے کزن قاسم خان کو اڈیالہ جیل کے قریب پہنچنے پر واپس بھیج دیا گیا، بعد ازاں بانی پی ٹی آئی کی بہن عظمی خان کو ملاقات کی اجازت دے دی گئی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو عمران خان سے ملنے کی اجازت نہ دینے پر چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی احکامات کے مطابق سہیل آفریدی کو ملاقات کی اجازت دی جائے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو روکنا سمجھ سے بالاتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ 4کروڑ عوام کے نمائندے ہیں، ملاقات اُن کا جمہوری حق ہے، اسے انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے داہگل ناکے کے قریب گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا کے انتظامی امور معمول کے مطابق چل رہے ہیں، تمام قلمدان وزیر اعلیٰ کے پاس ہیں۔

سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹیں جعلی ہیں، یہ سب ایک سیاسی تماشا ہے، عوام سب دیکھ رہے ہیں، اور اصل فیصلہ عوام ہی کریں گے۔

واضح رہے کہ 23 اکتوبر کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے عدالتی حکم کے باوجود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین سے ملاقات کی اجازت نہیں مل سکی تھی، جس پر سہیل آفریدی نے اڈیالہ جیل کے باہر کچھ دیر کے لیے دھرنا دیا اور بعد ازاں عمران خان سے ملے بغیر واپس روانہ ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025