گیس کی قیمتوں میں اضافے کی درخواستیں اوگرا میں دائر

شائع October 28, 2025
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

ملک بھرکے لیےگیس کی قیمتوں میں اضافےکی درخواستیں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) میں دائر کردی گئیں۔

گیس کمپنیوں نے ٹیرف میں 28.62 فیصد تک اضافہ مانگ لیا، اوگرا گیس کی قیمتوں میں اضافے کی سوئی ناردرن کی درخواست پر 7 نومبر اور سوئی سدرن کی درخواست پر 11 نومبر کو الگ الگ سماعتیں کرے گا۔

سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل) نے سندھ اور بلوچستان کے لیے گیس ٹیرف میں گزشتہ سال کے بقایاجات شامل کرکے مجموعی طور پر گیس ٹیرف میں تقریبا 22 فیصد کے اضافےکی درخواست کی ہے

اسی طرح سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے اسلام آباد سمیت پنجاب اورخیبر پختونخوا کے لیے گیس ٹیرف میں 28.62 فیصد اضافےکی درخواست کی ہے۔

سوئی ناردرن نے گیس ٹیرف میں اوسطا 189روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کا اضافہ مانگا ہے جبکہ 316 روپے 64 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یوکاسٹ آف ایل این جی سروس کی مد میں بھی مانگے ہیں۔

سوئی ناردرن کی گیس کی اوسط قیمت ایل ایل این کاسٹ آف سروس کے بغیر 1955 روپے 50 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یومقرر کرنے کی درخواست ہے۔

سوئی ناردرن کی موجودہ اوسط گیس قیمت 1766ر وپے 50 فی ایم ایم بی ٹی یو ہے ،درخواست میں 52ارب 95 کروڑ روپے ریونیو شارٹ فال کا تخمینہ لگایا گیا ہے، سوئی ناردرن کی درخواست پر اوگرا 7 نومبر کو سماعت کرے گا۔

سوئی سدرن نے بقایاجات اور ایل این جی کاسٹ آف سروس کے بغیرگیس ٹیرف میں 125 روپے 41 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یواضافےکی درخواست کی ہے، جبکہ گزشتہ سال کے بقایا جات اور ایل این جی کاسٹ آف سروس مد میں بھی سوئی سدرن نے اضافہ مانگا ہے۔

سوئی سدرن کی گیس کی اوسط قیمت میں بقایا جات اور ایل این جی کاسٹ آف سروس کے بغیر 1783 روپے 96 پیسےفی ایم ایم بی ٹی یو مقررکرنے کی درخواست کی گئی ہے، سوئی سدرن کی درخواست پر اوگرا 11 نومبر کو سماعت کرے گا۔

گیس کمپنیوں نے اضافہ رواں مالی سال 26-2025 کے لیے مانگا ہے، اوگرا کی جانب سے درخواستوں پر سماعتوں کے بعد فیصلے منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو بھجوائے گا، وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد اوگرا گیس کی نئی قیمتوں کا نوٹی فکیشن جاری کرے گا۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025