• KHI: Clear 21.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.5°C
  • ISB: Cloudy 12°C
  • KHI: Clear 21.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.5°C
  • ISB: Cloudy 12°C

جہلم: کھیت میں داخل ہونے پر گائے کی ٹانگ کاٹنے کے الزام میں 2 افراد گرفتار

شائع October 30, 2025
— فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
— فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

پنجاب کے ضلع جہلم کے گاؤں محال میں کھیت میں داخل ہونے پر گائے کی ٹانگ کاٹنے کے الزام میں پولیس نے 2 افراد کو گرفتار کر لیا۔

فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) دو زمینداروں کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 429 (کسی بھی مال مویشی یا جانور کو مارنے یا اپاہج کرنے سے متعلق شرارت) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

شکایت کنندہ (گائے کا مالک) نے الزام لگایا کہ ملزمان نے کلہاڑی سے گائے کے اگلے پیروں پر وار کیا، جس سے اسے شدید چوٹیں آئیں، ملزمان موقع سے فرار ہو گئے اور شکایت کنندہ کو دھمکیاں دیں۔

جہلم کے ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) طارق عزیز سندھُو نے ڈان کو بتایا کہ دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن میں سے ایک کو واقعے کے مقام کے قریب جنگل سے پکڑا گیا۔

ڈی پی او نے کہا کہ پولیس نے تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 429 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جانوروں کے ساتھ ظلم ناقابلِ برداشت ہے اور مکمل تفتیش کے بعد جو بھی قصوروار پایا گیا، اسے عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

ایف آئی آر کے مطابق زخمی گائے کو علاج کے لیے چک آکا میں جانوروں کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں جانوروں پر ظلم کوئی نیا واقعہ نہیں ہے۔

20 اکتوبر کو بھی بہاول نگر کے منچن آباد علاقے میں ایک زمیندار اور اس کے بیٹے پر بھینس پر تشدد کرنے اور اس کی ٹانگیں کاٹنے کی کوشش کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا۔

پولیس کے مطابق کسان منشی ہتھر کی کچھ بھینسیں تھیں، جن میں سے ایک 18 اکتوبر کو چراگاہ کے دوران ایک زمیندار کے گھر میں داخل ہوگئی تھی۔

زمیندار نے مبینہ طور پر جانور کو قید کر لیا اور اپنے بیٹے کے ساتھ مل کر کلہاڑیوں سے اس کی ٹانگیں کاٹنے اور کئی بار چھریوں سے وار کرنے کی کوشش کی، انہوں نے مبینہ طور پر بھینس کو شدید زخمی حالت میں سڑک پر چھوڑ دیا تھا، واقعے کی ویڈیو جب سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی تو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا تھا۔

20 ستمبر کو بااثر وڈیرے نے کھیت میں گھس کر پانی پینے پر اونٹنی کو بدترین تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے ٹانگ توڑ دی تھی، وزیر اعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لے لیا تھا۔

سکھر کی تحصیل صالح پٹ میں بااثر وڈیرے نے مبینہ طور پر اونٹنی کی ٹانگ توڑ دی تھی، اونٹنی کے مالک کے مطابق وڈیرے نے غصے میں اونٹنی کو ٹریکٹر سے باندھ کر گھسیٹا اور منہ پر ڈنڈے بھی مارے تھے۔

اس سے قبل جون میں سندھ کے علاقے سانگھڑ میں بااثر افراد نے اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025