کراچی: رینجرز کا منگھوپیر روڈ سے فتنۃ الخوارج کے انتہائی مطلوب 3 دہشتگردوں کی گرفتاری کا دعویٰ

شائع November 3, 2025
دہشت گردوں نے منشیات فروشوں سے بھتہ وصولی اور زمین پر قبضے میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا ہے — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
دہشت گردوں نے منشیات فروشوں سے بھتہ وصولی اور زمین پر قبضے میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا ہے — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

سندھ رینجرز نے کراچی کے علاقے کنواری کالونی منگھوپیر روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے انتہائی مطلوب 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ترجمان رینجرز (سندھ) کے مطابق گرفتار کیے گئے دہشت گردوں میں زید اللہ، نور زادہ اور عثمان شامل ہیں، گرفتار دہشت گرد، خارجی امیر شمس القیوم عرف زاویل کے قریبی ساتھی ہیں۔

ترجمان رینجرز کے مطابق دوران تفتیش دہشت گردوں نے انکشاف کیا کہ وہ علاقے کے لوگوں کے نمبرز شمس القیوم عرف زاویل عرف زعفران کو مہیا کرتے تھے، جس کے بعد وہ اُن نمبرز پر بھتہ وصولی کے لیے کال کرتا تھا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے منشیات فروشوں سے بھتہ وصولی اور لینڈ گریبنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا ہے۔

رینجرز ترجمان کے مطابق گرفتار کیے گئے دہشت گرد نور زادہ کا بھائی خان زادہ عرف حنظلہ اور دہشت گرد عثمان کا بھائی عمر خطاب بھی فتنۃ الخوارج کے انتہائی مطلوب کارندے تھے، پہلے مارے جاچکے ہیں۔

دہشت گرد زید اللہ عرف زیدو تھانہ ایکسائز کورنگی اور اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کو بھی مطلوب تھا، گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025