لڑکیوں کو شادی میں جلدبازی نہیں کرنی چاہیے، صحیح شخص کا انتظار کریں، ماورا حسین
اداکارہ ماورا حسین نے کہا ہے کہ شادی جیسے اہم فیصلے میں کسی بھی لڑکی کو جلدبازی نہیں کرنی چاہیے بلکہ صبر سے صحیح شخص کا انتظار کرنا چاہیے۔
ماورا حسین نے حال ہی میں ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اپنے شوہر اور شادی شدہ زندگی کے حوالے سے کھل کر بات کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کے سسرال والے بہت اچھے ہیں، جب کہ شوہر امیر گیلانی کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ وہ جیسے نظر آتے ہیں ویسے ہی ہیں، کسی قسم کا دکھاوا نہیں کرتے اور ان کے معیار پر پورے اترتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امیر گیلانی ان کی بات کو سمجھتے ہیں اور ان کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں، جو کسی بھی رشتے میں سب سے ضروری چیز ہے۔
ماورا حسین نے خود کو خوش قسمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی میں ایک خیال رکھنے والا اور محبت کرنے والا انسان ہے، جس پر وہ اللہ کی شکر گزار ہیں۔
اداکارہ نے اس موقع پر لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ شادی کے معاملے میں معاشرتی دباؤ میں آکر کبھی بھی جلدبازی میں فیصلہ نہیں کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں لڑکیوں پر خاص طور پر 30 سال کی عمر کے قریب پہنچنے پر شادی کے لیے بہت دباؤ ڈالا جاتا ہے، لیکن یہ پوری زندگی کا فیصلہ ہوتا ہے، اس لیے اسے سوچ سمجھ کر کرنا چاہیے۔
ماورا حسین کے مطابق لوگوں کی باتیں وقتی طور پر تکلیف دیتی ہیں، مگر وہ تکلیف اس درد سے کم ہے جو غلط فیصلہ لینے کے بعد اٹھانی پڑتی ہے، اس لیے لڑکیوں کو اپنی خوشی کو ہمیشہ ترجیح دینی چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں بھی اس طرح کی باتیں سننے کو ملتی تھیں، لیکن وہ ہمیشہ اللہ سے یہی دعا کرتی تھیں کہ وہ ان کے لیے بہترین انسان منتخب کرے اور وہ دعا پوری ہوگئی۔
خیال رہے کہ ماورا حسین رواں سال فروری میں اپنے قریبی دوست اور اداکار امیر گیلانی کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھی تھیں۔













لائیو ٹی وی