• KHI: Partly Cloudy 16.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 11.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.2°C
  • KHI: Partly Cloudy 16.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 11.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.2°C

کاٹی نے ’کے الیکٹرک‘ صارفین سے فیول کاسٹ چارجز کی وصولی مسترد کردی

شائع November 6, 2025
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر محمد اکرام راجپوت نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) اور پاور ڈویژن کے اس فیصلے کی شدید مذمت کی ہے جس کے تحت مالی سال 2024 کے لیے کے-الیکٹرک کے صارفین پر فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) اور فیول کاسٹ کمپوننٹ (ایف سی سی) کے چارجز عائد کیے گئے ہیں۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق محمد اکرم راجپوت نے اس اقدام کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ کراچی کے عوام اور صنعتوں، دونوں پر غیر منصفانہ مالی بوجھ ڈالے گا۔

انہوں نے بتایا کہ نیپرا کی دستاویزات کے مطابق اس فیصلے سے کراچی کے صارفین سے تقریباً 28 ارب روپے وصول کیے جائیں گے، جب کہ کورونا وبا کے دوران شہر کی صنعتوں سے 33 ارب روپے کے جس ریلیف پیکیج کا وعدہ کیا گیا تھا وہ اب تک جاری نہیں کیا گیا۔

اکرم راجپوت کے مطابق حکومت ریلیف دینے کے بجائے اپنے سابقہ وعدوں سے پیچھے ہٹ رہی ہے اور نئے مالی بوجھ ڈال رہی ہے، جو کراچی کے صنعتی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

انہوں نے تشویش ظاہر کی کہ کے-الیکٹرک کے ملٹی ایئر ٹیرف پر نظرِ ثانی کے دوران ماضی کے فیصلوں کو دوبارہ کھولا جا رہا ہے، جس سے کاروباری برادری میں غیر یقینی کی فضا پیدا ہو رہی ہے۔

محمد اکرم راجپوت نے الزام لگایا کہ نیپرا اپنے ہی شفافیت کے دعوؤں کو نقصان پہنچا رہی ہے کیونکہ وہ اپنے سابقہ فیصلوں میں تبدیلیاں کر کے نئی مالی ذمہ داریاں متعارف کرا رہی ہے، جو ملٹی ایئر ٹیرف فریم ورک کے بنیادی مقاصد کے منافی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کے-الیکٹرک کا موجودہ ٹیرف 32.57 روپے فی یونٹ دیگر تقسیم کار کمپنیوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہے، اس کے باوجود کراچی کی صنعتوں کو دیگر خسارے میں چلنے والی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو سبسڈی دینے پر مجبور کیا جا رہا ہے، ان کے بقول یہ انتہائی ناانصافی ہے اور کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025