• KHI: Partly Cloudy 26.1°C
  • LHR: Sunny 21.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 20°C
  • KHI: Partly Cloudy 26.1°C
  • LHR: Sunny 21.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 20°C

مالی سال 2026 کے ابتدائی 4 ماہ میں تیل کی فروخت میں 4 فیصد اضافہ

شائع November 6, 2025
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

تیل کی مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کی اکتوبر میں مجموعی فروخت 15 لاکھ ٹن رہی، جو سال بہ سال تقریباً برقرار رہی، تاہم ماہ بہ ماہ 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی بنیادی وجہ فصلوں کی کٹائی کے موسم میں ڈیزل کے زیادہ استعمال کو قرار دیا گیا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ٹاپ لائن سیکیورٹیز کی مائشہ سہیل کے مطابق ماہانہ بنیاد پر یہ اضافہ مون سون بارشوں اور ملک کے مختلف حصوں میں آنے والے سیلاب کے خاتمے کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی طلب میں بحالی سے ممکن ہوا۔

مالی سال 2026 کی پہلی 4 ماہ میں او ایم سیز کی مجموعی فروخت 54 لاکھ ٹن رہی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے 52 لاکھ ٹن کے مقابلے میں 4 فیصد زیادہ ہے۔

اکتوبر میں پیٹرول کی فروخت سال بہ سال 2 فیصد اور ماہ بہ ماہ 4 فیصد کم ہو کر 6 لاکھ 57 ہزار ٹن رہی، تاہم مالی سال 2026 کے پہلے 4 ماہ میں پیٹرول کی مجموعی فروخت 4 فیصد بڑھ کر 26 لاکھ 28 ہزار ٹن رہی۔

اکتوبر میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت سال بہ سال 4 فیصد اور ماہ بہ ماہ 21 فیصد بڑھ کر 7 لاکھ 14 ہزار ٹن رہی، مالی سال 2026 کے پہلے 4 ماہ میں ڈیزل کی مجموعی فروخت 23 لاکھ 36 ہزار ٹن رہی، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 11 فیصد زیادہ ہے۔

دوسری جانب، فرنس آئل کی فروخت سال بہ سال 52 فیصد کمی کے ساتھ اکتوبر میں صرف 28 ہزار ٹن رہی، تاہم ماہانہ بنیاد پر اس میں 108 فیصد اضافہ ہوا، جو بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کی عارضی طلب کے باعث ہوا، مالی سال 2026 کی پہلی 4 ماہ میں فرنس آئل کی مجموعی فروخت 75 ہزار ٹن رہی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 72 فیصد کم ہے۔

رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں فرنس آئل فروخت کرنے والی نمایاں کمپنیاں سائنرجی، پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور پرل پارکو تھیں۔

مائشہ سہیل کے مطابق مالی سال 2026 میں مجموعی تیل فروخت میں 7 سے 10 فیصد اضافہ متوقع ہے، جو بہتر معاشی سرگرمیوں، بڑھتی ہوئی ٹرانسپورٹیشن کی طلب اور زرعی پیداوار میں بہتری سے ممکن ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025