18ویں ترمیم کو رول بیک نہیں ہونے دیں گے، وزیرِ اعلیٰ سندھ
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ 18ویں ترمیم کو رول بیک نہیں ہونے دیں گے، 18ویں ترمیم میں اور بھی بہت ساری چیزیں ہیں جن کی ضرورت ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق سندھ میں طلبہ کی حاضری کو مانیٹر کرنے کے پہلے ڈیجیٹل نظام ’سلیکٹ‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کو واپس اور 18ویں ترمیم کو رول بیک ہونے نہیں دیں گے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ 18ویں ترمیم کے حوالے سے واضح مؤقف رکھتی ہے، جب 27ویں ترمیم ہو جائے گی تو صحافیوں کے ہر سوال کا جواب دوں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں علم ہونا چاہیے کہ بچے کہاں جارہے ہیں، بچوں کی مانیٹرنگ کا نظام ہر اسکول میں ہونا چاہیے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ یہ ضروری ہے کہ ہم بچوں کو ٹریک کرسکیں تاکہ درست معلومات مل سکیں، حاضری سسٹم منصوبے کو اسکول کے بعد کالجز و جامعات میں بھی نافذ کریں گے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی کوششیں قابل تعریف ہیں، صوبے کی تعلیم میں بہتری آئی، بجٹ کی فکر نہ کریں، آپ پرفارم کریں، رقم فراہم کی جائے گی، ہمارا عزم ہے کہ ہر ایک بچے کو تعلیم فراہم کرنی ہے تاکہ ترقی کی راہ قوم گامزن ہو۔
وزیراعلیٰ سندھ نے آخر میں کہا کہ ہماری معدنیات، ہتھیار اور تمام وسائل کی کوئی اہمیت نہیں، اگر ہم نے اپنی نئی نسل کو تعلیم نہ دی۔












لائیو ٹی وی