این اے-66 وزیرآباد کے ضمنی انتخاب میں بلال فاروق تارڑ بلا مقابلہ کامیاب قرار

شائع November 9, 2025
بلال تارڑ کا تعلق گکھڑ منڈی کے نواحی گاؤں پیر کوٹ سے ہے، وہ 2  بار ایم پی اے منتخب ہو چکے ہیں۔
—فوٹو: فیس بک/بلال فاروق تارڑ
بلال تارڑ کا تعلق گکھڑ منڈی کے نواحی گاؤں پیر کوٹ سے ہے، وہ 2 بار ایم پی اے منتخب ہو چکے ہیں۔ —فوٹو: فیس بک/بلال فاروق تارڑ

حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بلال فاروق تارڑ وزیرآباد این اے-66 ضمنی انتخاب میں بلامقابلہ منتخب قرار پائے ہیں، کیوں کہ دیگر امیدواران انتخابی دوڑ سے دستبردار ہوگئے ہیں۔

ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق بلال فاروق تارڑ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے چھوٹے بھائی ہیں۔

ریٹرننگ آفیسر شبیر حسین بٹ نے ہفتے کے روز نوٹیفکیشن جاری کیا، جس میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو بلامقابلہ منتخب قرار دیا گیا ہے۔

یہ نشست رواں سال اگست میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کے صدر اور رکن قومی اسمبلی محمد احمد چٹھہ کو 9 مئی کے فسادات سے متعلق کیس میں سزا سنانے کے بعد خالی ہوئی تھی۔

ضمنی انتخاب 18 ستمبر کو ہونا تھا مگر وزیرآباد اور اس کے نواحی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب کے پیشِ نظر ملتوی کر دیا گیا تھا، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بعد ازاں پولنگ کی نئی تاریخ 23 نومبر مقرر کی تھی۔

ریٹرننگ آفیسر کے دفتر کے ذرائع کے مطابق 30 امیدواروں نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے تھے، جن میں سابق رکنِ پنجاب اسمبلی بلال فاروق تارڑ (مسلم لیگ ن)، سابق ایم پی اے اعجاز سمن (پیپلز پارٹی)، سینئر سیاست دان حامد ناصر چٹھہ کے 4 خاندانی افراد اور دیگر شامل تھے۔

پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے پنجاب کے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تو چٹھہ خاندان کے تمام 4 افراد (احمد چٹھہ، اُن کی اہلیہ عین چٹھہ، بھائی سابق ضلع ناظم گوجرانوالہ فیاض چٹھہ) اور بیٹی نے اپنے کاغذات واپس لے لیے۔

پیپلز پارٹی کے اعجاز سمن نے بھی اپنی پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان نشست ایڈجسٹمنٹ فارمولا کے تحت کاغذات واپس لے لیے، جب کہ چند آزاد امیدوار بھی دوڑ سے دستبردار ہو گئے۔

تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے حمایت یافتہ 2 امیدواروں سمیت کچھ دیگر نے بھی ریٹائرمنٹ جمع کروا دی، جس سے بلال تارڑ کے بلامقابلہ منتخب ہونے کی راہ ہموار ہوئی۔

نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن آف پاکستان کو باضابطہ امیدوار کی کامیابی کے اعلان کے لیے ارسال کر دیا گیا ہے۔

بلال تارڑ کا تعلق گوجرانوالہ کی تحصیل گکھڑ منڈی کے نواحی گاؤں پیر کوٹ سے ہے، وہ اس سے قبل رحوالی اور گکھڑ ٹاؤنز کی پنجاب اسمبلی نشست سے 2 بار رکنِ اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں، تاہم فروری 2024 کے انتخابات میں وہ اسی نشست سے شکست کھا گئے تھے۔

بلال تارڑ سابق صدر رفیق تارڑ کے پوتے ہیں، اور یہ پہلا موقع ہے کہ تارڑ خاندان نے وزیرآباد کی قومی اسمبلی نشست سے انتخاب لڑا ہے۔

اس سے قبل فروری 2024 کے عام انتخابات میں عطا اللہ تارڑ نے گوجرانوالہ کی ایک قومی اسمبلی نشست سے مسلم لیگ (ن) کا ٹکٹ حاصل کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم سینئر پارلیمنٹیرین اور سابق وفاقی وزیر محمود بشیر ورک کی مزاحمت کے باعث وہ ایسا نہیں کر سکے تھے۔

دریں اثنا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے بلال تارڑ کو بلامقابلہ انتخابی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025